بلاول بھٹو

بلاول بھٹو زرداری کا سری نگر جیل کے سامنے جام شہادت نوش کرنے والے 22 موذنوں کو خراج عقیدت

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے سری نگر جیل کے سامنے جام شہادت نوش کرنے والے 22 موذنوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ سری نگر کے شہداء قربانی کشمیریوں کی تحریکِ آزادی کا نقطہ آغاز تھا،اذان کی تکمیل کے لیے شہید ہونے والے 22 موذنوں کی قربانی رائیگان نہیں جائے گی۔

اپنے بیان میں بلاول بھٹوزر داری نے کہاکہ عالمی برادری مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی مظالم کو روکے، کشمیریوں سے کیئے گئے اپنے وعدے نبھائے۔ انہوںنے کہاکہ دنیا کے پاس مقبوضہ کشمیر کو آزادی دینے کے علاوہ اور کوئی آپشن نہیں بچا۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان پیپلز پارٹی کی بنیاد ہی مسئلہ کشمیر پر رکھی گئی تھی۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ ہم مسئلہ کشمیر کے متعلق اپنے بانی چیئرمین قائدِ عوام شہید بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے اصولی موقف پر ڈٹ کر کھڑے ہیں۔

انہوںنے کہاکہ ہم کشمیریوں کے حق خودارادیت کے لیے جاری جدوجہد کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھیں گے۔ بلاول بھٹوزر داری نے کہاکہ پاکستان پیپلز پارٹی مقبوضہ کشمیر میں بلا روک ٹوک جاری بھارتی بربریت کے خلاف ہر فورم پر آواز اٹھائے گی۔