شہزاداکبر 263

براڈ شیٹ سے کمیشن طلب کرنے کا الزام، شہزاداکبر کا عظمی بخاری کو50 کروڑ روپے ہرجانے کا نوٹس

لاہور(رپورٹنگ آن لائن) وزیر اعظم کے مشیر داخلہ و احتساب شہزاد اکبر نے مسلم لیگ (ن) کی رہنما عظمی بخاری کو براڈ شیٹ سے کمیشن طلب کرنے کا الزام لگانے پر 50 کروڑ روپے ہرجانے کا قانونی نوٹس بھجوایا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں وزیر اعظم کے مشیر داخلہ و احتساب شہزاد اکبر نے کہا کہ ان کے وکلا نے مسلم لیگ(ن)کی رہنما عظمی بخاری کو ہتک عزت کا قانونی نوٹس بھیجا ہے۔ جس میں کہا گیا ہے کہ شہزاد اکبر پر لگائے گئے الزامات پر عظمی بخاری معافی مانگیں بصورت دیگر وہ 50 کروڑ روپے ہرجانہ ادا کریں، ہرجانے کی رقم کو پاکستان میں فلاحی کاموں پر خرچ کیا جائے گا۔

قانونی نوٹس میں کہا گیا ہے کہ 13 جنوری کو نجی نیوز چینل کے پروگرام میں عظمی بخاری نے کہا تھا کہ پرویز مشرف کے دور حکومت میں جب براڈ شیٹ سے معاہدہ ہوا اس وقت شہزاد اکبر نیب کے پراسیکیوٹر تھے۔ شہزاد اکبر صاحب کی بریف کیس لینے اور دینے کی پرانی تاریخ ہے۔براڈ شیڈ کمپنی کے مالک موسوی نے کہا کہ شہزاد اکبر نے ان سے حصہ مانگا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں