اسلام آ باد (رپورٹنگ آن لائن ) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ انسٹی ٹیوٹ آف ریجنل اسٹڈیزکی ذمہ داریوں میں کئی گنا اضافہ ہوچکا ہے، ہمیں خارجہ محاذ پر درپیش چیلنجز کو سامنے رکھتے ہوئے بین عالمی سطح کی تحقیق کو منظرعام پر لانا ہوگا،ہم، وزیر اعظم عمران خان کے وژن کی روشنی میں اقتصادی ترجیحات پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہیں، بدلتی ہوئی علاقائی صورتحال ہماری خصوصی توجہ کی متقاضی ہے۔
بدھ کو وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے اسلام آباد میں واقع انسٹیٹوٹ آف ریجنل اسٹڈیز کا دورہ کیا ،پریزیڈنٹ آئی آر ایس، ایمبیسڈر ندیم ریاض نے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا خیر مقدم کیا ۔پریزیڈنٹ انسٹیٹیوٹ آف ریجنل اسٹڈیز ایمبیسڈر ندیم ریاض نے وزیر خارجہ کو انسٹیٹیوٹ کی کارکردگی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔وزیر خارجہ نے اس موقع پر آنسٹیٹوٹ آف ریجنل اسٹڈیز سے وابستہ محققین سے ملاقات کی اور تبادلہ ءخیال کیا ۔
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا آج انسٹی ٹیوٹ آف ریجنل اسٹڈیزکی ذمہ داریوں میں کئی گنا اضافہ ہوچکا ہے، ہمیں خارجہ محاذ پر درپیش چیلنجز کو سامنے رکھتے ہوئے بین عالمی سطح کی تحقیق کو منظرعام پر لانا ہوگا،ہم، وزیر اعظم عمران خان کے وژن کی روشنی میں اقتصادی ترجیحات پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہیں، آج بدلتی ہوئی علاقائی صورتحال ہماری خصوصی توجہ کی متقاضی ہے، تیزی بدلتے ہوئے، عالمی منظر نامے میں ہمیں،درپیش چیلنجز کا مقابلہ کرنے کیلئے بہترین حکمت عملی وضع کرنا ہو گی۔
مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا اس حوالے سے تھنک ٹینکس اور محققین کا کردار، خصوصی اہمیت کا حامل ہے، اس تحقیقی ادارے کو مزید فعال بنانے اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ بنانے کیلئے ہر ممکن کوشش اور وسائل بروئے کار لانے کیلئے پرعزم ہیں۔وزیر خارجہ نے انسٹیٹیوٹ آف ریجنل اسٹڈیز کے مختلف شعبوں کا دورہ کیا اور پریذیڈنٹ آنسٹیٹوٹ کی کارکردگی کو سراہا۔وزیر خارجہ نے انسٹیٹیوٹ آف ریجنل اسٹڈیز کے دورے کے اختتام پر ”وزیٹرز بک” میں اپنے تاثرات قلمبند کئے۔









