شوکت یوسفزئی

بانی کی رہائی کیلئے پارٹی کے اندرونی اختلافات کا خاتمہ ناگزیر ہے،شوکت یوسفزئی

پشاور (رپورٹنگ آن لائن) پی ٹی آئی رہنما و سابق صوبائی وزیر شوکت یوسفزئی نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی رہائی کیلئے پارٹی کے اندرونی اختلافات ختم ہونے چاہئیں۔

پی ٹی آئی ذرائع نے کے مطابق رہنما تحریک انصاف شوکت یوسفزئی نے پارٹی کے اندرونی اختلافات ختم کرنے کیلئے کمر کس لی ہے اور ان کی اہم رہنماﺅں سے ملاقاتیں بھی جاری ہیں۔ذرائع کے مطابق سابق صوبائی وزیر شوکت یوسفزئی نے تحریک انصاف خیبرپختونخوا کے صدر جنید اکبر خان سے ملاقات کی اور وزیر اعلی علی امین گنڈاپور سے اختلافات ختم کرنے کی درخواست کی۔

پارٹی ذرائع کا بتانا ہے کہ شوکت یوسفزئی کی درخواست پر جنید اکبر خان نے مثبت ردعمل ظاہر کیا لیکن اس کے ساتھ ہی کچھ تحفظات سے بھی انہیں آگاہ کیا۔پی ٹی آئی ذرائع کا کہنا ہے کہ شوکت یوسفزئی وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور سے بھی ملاقات کریں گے اور ان کو جنید اکبر خان سے اختلافات ختم کرنے پر آمادہ کرنے کی کوشش کریں گے۔

اس حوالے سے سابق صوبائی وزیر شوکت یوسفزئی نے پارٹی اختلافات ختم کرنے کوششوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی کیلئے پارٹی کے اندرونی اختلافات کا خاتمہ ناگزیر ہے۔