اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے کہاہے کہ بانی پی ٹی آئی کی جانب سے لیفٹیننٹ جنرل (ر) فیض حمید کے اوپن ٹرائل کا مطالبہ فوج کے معاملات میں مداخلت ہے، بانی چیئرمین پی ٹی آئی کی مسلسل کوشش ہے کہ وہ اپنے بیانات سے اس معاملہ کو متنازعہ بنائیں، فیض حمید کے دفاع میں بیان دینے والا بانی چیئرمین پی ٹی آئی 190 ملین پائونڈ کے کیس کا جواب دے۔
اپنے بیان میں وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات نے کہاکہ بانی چیئرمین پی ٹی آئی کے ایسے بیانات سے ثابت ہوتا ہے کہ وہ شدید پریشانی اور تذبذب کا شکار ہیں۔ انہوںنے کہاکہ بانی چیئرمین پی ٹی آئی نے فیض حمید کیس کو فوج کا انٹرنل معاملہ نہ قرار دے کر ثابت کر دیا کے فیض حمید واقع ہی بانی چیئرمین کا اثاثہ تھے ۔
انہوںنے کہاکہ بانی چیئرمین فیض حمید کو کبھی اثاثہ، کبھی ہیرو اور کبھی زیرو کہتے ہیں جس سے لگتا ہے کہ وہ ذہنی طور پر کافی پریشانی کا شکار ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ فیض حمید کیس میں بھی یہی پتہ چلتا ہے کے بانی چیئرمین پی ٹی آئی لوگوں کو استعمال کر کے پھینکنے میں کوئی ثانی نہیں رکھتے،بانی چیئرمین پی ٹی آئی کو محسن کشی میں مہارت حاصل ہے۔
٭٭٭٭٭








