عظمی بخاری 114

بانی پی ٹی آئی کو آکسفورڈ یونیورسٹی کا نہیں اڈیالہ جیل کے قیدیوں کا الیکشن لڑنا چاہیے، عظمی بخاری

لاہور(نیوز ڈیسک ) وزیراطلاعات پنجاب عظمی بخاری نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کو آکسفورڈ یونیورسٹی کا نہیں اڈیالہ جیل کے قیدیوں کا الیکشن لڑنا چاہیے، یہ دامن میں توشہ خانہ کی گھڑیاں اور 90 ملین پانڈز چھپائے آکسفورڈ کے چانسلر کا الیکشن لڑنے چلے ہیں۔سابق وزیر اعظم عمران خان کے آکسفورڈ کے چانسلر کا الیکشن لڑنے پر ردعمل دیتے ہوئے عظمی بخاری نے کہا کہ جو شخص پورے پاکستان سے زیادہ مغرب کو جانتا تھا اس کو آج مغربی میڈیا ڈس گریس کا لقب دے رہا ہے۔

عمران خان کی کرپشن کی داستانیں 4 سال سے عالمی میڈیا کی زینت بن رہی ہیں۔ ٹرانسپریسی انٹرنیشنل نے مسلسل دو مرتبہ عمران دور میں کرپشن انڈکس اوپر جانے کی نشاندہی کی۔عظمی بخاری کا مزید کہنا تھا کہ میاں اور بیوی نے 45 ماہ تک وزیراعظم اور خاتون اول کے عہدوں کو او ایل ایکس پر چڑھائے رکھا۔ دامن میں توشہ خانہ کی گھڑیاں اور 90 ملین پانڈز چھپائے آکسفورڈ کے چانسلر کا الیکشن لڑنے چلے ہیں۔

مئی 9 کی ناکام بغاوت کے سنگین مقدمات زیر سماعت ہیں۔ کرپٹ پریکٹسز اور آفیشل سیکرٹ ایکٹ جیسے مقدمات میں سزا یافتہ شخص کا آکسفورڈ یونیورسٹی کے چانسلر کا الیکشن لڑنا ویسے بھی باعث ندامت ہے۔وزیراطلاعات پنجاب نے کہا کہ چھوڑوں گا نہیں، این آر او نہیں دوں گا معافی دے دیں جیسے بیانیے لیڈر نہیں گیدڑوں کے ہوتے ہیں۔ ہر ہفتے نیا بیانیہ بنانے والا لیڈر نہیں بہروپیہ اور فراڈیا ہوتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں