اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اسد قیصر نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی سے مشاورت کے بغیر کچھ بھی نہیں کیا جا سکتا، مذاکرات کی پہلی شرط بانی پی ٹی آئی سے ملاقات اور مشاورت ہی ہے۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کیا نواز شریف کے بغیر مسلم لیگ (ن) کچھ فیصلہ کر سکتی ہے؟ کیا آصف زرداری یا بلاول بھٹو کے بغیر پیپلز پارٹی کوئی فیصلہ کرے گی؟اسد قیصر نے کہا کہ یہ ناسمجھی ہوگی کہ بانی سے مشاورت یا ملاقات کے بغیر ہی کوئی فیصلہ ہو، جب تک ملاقات نہیں ہو گی تب تک کوئی بھی چیز آگے نہیں بڑھ سکتی۔ پی ٹی آئی کے رہنما نے کہا کہ اپوزیشن لیڈر کی تعیناتی ایک آئینی اور قانونی ضرورت تھی، اپوزیشن لیڈر کے بغیر اسمبلی چل نہیں سکتی، اپوزیشن لیڈر اور اپوزیشن کی یکساں حیثیت ہے، آئین اس پر واضح ہے۔
انہوںنے کہاکہ مائنز اینڈ منرلز سے متعلق بل ہماری سیاسی سوچ اور بیانیہ کے خلاف نہیں ہوگا، ہمارے صوبے کے اختیار سے بڑھ کر کوئی بھی چیز بل میں نہیں ہوگی۔انہوں نے کہا کہ صوبے کو کمزور یا پوزیشن کمپرومائز کرنے سے متعلق کوئی بھی فیصلہ نہیں ہوگا، جو بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے اسی کے مطابق یہ بل پاس ہوگا، اگر دائیں بائیں سے کوئی کوشش ہوتی ہے تو ہم ایسا بل پاس نہیں ہونے دیں گے۔









