سردار ایاز صادق 48

ایک صحت مند قوم ہی ترقی یافتہ اور مستحکم ریاست کی بنیاد ہوتی ہے، سردار ایاز صادق

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نےکہا ہے کہ ایک صحت مند قوم ہی ترقی یافتہ اور مستحکم ریاست کی بنیاد ہوتی ہے۔ پیر عالمی یوم صحت کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ عالمی یومِ صحت ہمیں اس امر کی یاد دہانی کراتا ہے کہ عوام کو معیاری، بروقت اور مساوی طبی سہولیات کی فراہمی ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے۔سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا کہ پاکستان کو صحت کے شعبے میں متعدد چیلنجز درپیش ہیں جن میں طبی سہولیات تک محدود رسائی، وسائل کی کمی اور تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ان چیلنجز سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے لئے مربوط حکمتِ عملی، پائیدار پالیسی سازی اور عملی اقدامات ناگزیر ہیں تاکہ ہر شہری کو بنیادی صحت کی سہولیات بلا امتیاز فراہم کی جا سکیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت اور متعلقہ ادارے صحت کے شعبے کی بہتری کے لئے اقدامات کر رہے ہیں تاہم اس ضمن میں مزید مؤثر اور مربوط کوششوں کی ضرورت ہے بالخصوص دور دراز اور پسماندہ علاقوں میں صحت کی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ احتیاطی تدابیر، صحت مند طرزِ زندگی اور مؤثر آگاہی مہمات کے ذریعے بیماریوں کی روک تھام کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔ سپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ عالمی یومِ صحت کے موقع پر ہمیں اس عزم کی تجدید کرنی چاہئے کہ ہم ایک صحت مند معاشرے کے قیام کے لئے اپنی اجتماعی ذمہ داریوں کو پورا کریں گے اور ملک کے صحت کے نظام کو مزید مضبوط اور مؤثر بنانے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں