چینی وزارت خارجہ

ایکواٹوریل گینی کے صدر کے دورہ چین سے دونوں ممالک کے تعلقات میں ایک نئی قوت محرکہ پیداہو گی، چینی وزارت خا رجہ

بیجنگ (رپورٹنگ آن لائن) چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان وانگ وین بن نے یومیہ پریس کانفرنس میں ایکواٹوریل گینی کے صدر کے دورہ چین کے حوالے سے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ چین اور ایکواٹوریل گینی کے درمیان گہری روایتی دوستی ہے۔ دونوں ممالک نے نصف صدی سے زیادہ عرصے میں برابری، احترام اور تعاون پر مبنی تعلقات کے ساتھ ایک دوسرے کی حمایت کی ہے۔جمعرات کے روز انہوں نے کہا کہ حالیہ برسوں میں ، دونوں ممالک کے تعلقات بلند معیار پر رہے ہیں، سیاسی اعتماد میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے، عملی تعاون مستحکم ہے اور آگے بڑھ رہا ہے جو دونوں ممالک کے عوام کو حقیقی فوائد پہنچا رہا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ ایکواٹوریل گینی کے صدر اوبیانگ چینی عوام کے دیرینہ دوست ہیں اور چین میں وہ اپنے قیام کے دوران، صدر شی جن پھنگ کی جانب سے دیے گئے استقبالیے میں شرکت اور ان سے ملاقات کے علاوہ تعاون کی دستاویزات کے دستخط کی تقریب میں بھی شرکت کریں گے۔ اس دورے کے دوران چین کے وزیر اعظم لی چھِانگ اور دیگر رہنماؤں سے بھی صدر اوبیانگ کی ملاقاتیں ہوں گی ۔

صدر اوبیانگ صوبہ سان دونگ کا دورہ بھی کریں گے ۔وزرات خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ امید ہے کہ صدر اوبیانگ کا یہ دورہ چین اور ایکواٹوریل گینی کے دوستانہ تعلقات کے فروغ میں نئی قوت محرکہ فراہم کرے گا، اور دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کے نئے نتائج حاصل ہوں گے ۔