لاہور(نیوز رپورٹر)محکمہ ایکسائز ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس کنٹرول لاہور نے منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن کے لئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دینے کے علاوہ شہر بھر میں ناکہ بندی کا فیصلہ کیا ہے۔
معلوم ہوا ہے کہ ڈی جی ایکسائز چودھری مسعود الحق کے احکامات پر شہر بھر میں منشیات فروشوں،خصوصا زہریلی شراب تیاراورفروخت کرنے والے مافیا کے خلاف کریک ڈاؤن اورناکہ بندی کے لئے ای ٹی او ایکسائز اینڈ نارکوٹکس فیصل سندھو نے انسپکٹر قمر شاہ کی سربراہی میں پولیس ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں۔
ای ٹی اوفیصل سندھو نے دونمبر جعلی وزہریلی شراب اور امپورٹڈ شراب کی خریدوفروخت کی روک تھام کے لیے لاہور میں مختلف جگہوں پر ناکہ بندی اورچھاپوں کے لئے ایکسائزانسپکٹرز سے میٹنگ کی اور ان کو ہدایت کی کہ شراب فروشوں کے خلاف گھیرا تنگ کریں اور ان کے خلاف تھانوں میں پرچے درج کرائیں۔
اس سلسلہ میں سٹاف کی کارکردگی چیک کرنے کے لئے ہفتہ وار میٹنگ ہوگی۔انہوں نے تمام سٹاف کو ہدایت کی کہ ریڈ اور ناکہ بندی کے دوران ماسک اور سینیٹائزر اپنے ساتھ رکھیں۔
ای ٹی الفیصل سندھو نے کہا ہے کہ منشیات سے ہماری نوجوان نسل تباہ ہو رہی ہے۔ہم منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔