لاہور (رپورٹنگ آن لائن) مسلم لیگ نون کے رہنما و پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ ایوان میں دیگر سیاسی جماعتوں کیساتھ مل کر تبدیلی لے کر آ ئیں گے، پی ٹی آئی کا سیاسی جنازہ بڑی دھوم دھام سے نکلے گا، جھوٹے عمران نیازی کو اب بھاگنے نہیں دیں گے، ایوان وزیراعلی میں رشوت کے سودے عثمان بزدار خود کرتے ہیں،جمعہ کو بینکنگ عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حمزہ شہباز نے کہا کہ آج لوگ مہنگائی کے عذاب میں پس چکے ہیں۔
مہنگائی آسمان سے باتیں کررہی ہے۔ عمران خان کہتا ہے کہ مہنگائی ہے تو حکومت کیا کرے، اس شخص کے بے حسی ہے، یہ شخص عوام کیلئے ہمدردی کے دو بول نہیں بول سکتا۔ ریاست مدینہ کا دعویدار آج اللہ کی پکڑ میں ہے، انھوں نے کہا کہ ہم عوام میں سڑکوں پراور پارلیمنٹ میں اس شخص کا محاسبہ کریں گے۔حمزہ شہبازنے کہا کہ یہ ملک ڈوب رہا ہے، عوام سسکیاں لے ہے ہیں مزدورغربت کی دہائیاں دے رہے ہیں۔
ایوان وزیراعلی میں رشوت کے سودے عثمان بزدار خود کرتے ہیں۔ آج چوری ڈاکے عام ہیں، راہ جاتے دن دیہاڑے لوٹ لیا جاتا ہے کوئی پوچھنے والا نہیں ہے، پیٹرول کی قیمت گزشتہ 74برس کی نسبت سب سے زیادہ ہے۔ یہ شخص کہتا ہے کہ مہنگائی ہی نہیں ہے۔ عمران نیازی بنی گالہ کی پہاڑی سے نیچے اترو، اسٹیٹ بینک کو آئی ایم ایف کے حوالے کر دیا گیا،حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ قومی اسمبلی اجلاس میں ان کے حواری سوال اٹھا رہے تھے، ان کے حواری بھی جان گئے عوام میں کس منہ سے جائیں گے، ہم پر منی لانڈرنگ کے جھوٹے الزامات لگاتے تھے، ہم تو 4سال سے پیشیاں بھگت رہے ہیں، الیکشن کمیشن اسکروٹنی کمیٹی نے عمران نیازی کو سرٹیفائیڈ چورقرار دیا، الیکشن کمیشن اسکروٹنی کمیٹی کی رپورٹ نے سب بے نقاب کر دیا،حمزہ شہبازنے کہا کہ اللہ پاک ہماری اس جھوٹے شخص سے جان چھڑوائے۔
اللہ تعالی اس منحوس حکومت سے نجات دے۔بینکنگ عدالت لاہورمیں شہبازشریف اورحمزہ شہباز کیخلاف حتمی چالان پیش کیا گیا۔عدالت نے چالان کے بعد عدالتی دائرہ اختیار کے نکتے پرفیصلہ محفوظ کرلیا۔عدالت نے شہبازشریف اورحمزہ کی عبوری ضمانت کی درخواستوں پربھی فیصلہ محفوظ کر لیا۔ایف آئی اے نے بینکرز کے رول کی تحقیقات سے متعلق رپورٹ عدالت میں جمع کرادی۔
وکیل ایف آئی اے نے کہا کہ کوئی بینکر بھی اس جرم میں ملوث نہیں پایا گیا جس پرعدالت نے استفسار کیا کہ اگرعدالت یہ فیصلہ کرے کہ یہ کیس کسی اورعدالت میں چلے گا تو درخواست ضمانت کا کیا ہوگا۔امجد پرویزایڈووکیٹ نے عدالت سے کہا کہ درخواست ضمانتیں بھی دوسری عدالت میں منتقل ہو جائیں گی۔بینکنگ جرائم عدالت کے جج سردار طاہر صابر نے کیس کی سماعت کی۔