شرمیلا فاروقی 25

ایم کیو ایم کی سیاست کراچی پر شروع ہوکر کراچی پر ختم ہوجاتی ہے، شرمیلا فاروقی

کراچی(رپورٹنگ آن لائن)پاکستان پیپلزپارٹی کی رکن قومی اسمبلی شرمیلا فاروقی نے کہاہے کہ ایم کیو ایم کی سیاست کراچی پر شروع ہوکر کراچی پر ختم ہوجاتی ہے۔خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایم کیوا یم کسی بھی واقعے پر سیاست کرنے سے پیچھے نہیں ہٹتی، گل پلازہ واقعے پر بھی سیاست کی گئی۔انہوں نے کہا کہ بلدیہ فیکٹری پر بھی سیاست کی گئی، فائر بریگیڈ کو کس نے روکا سب کو پتا ہے، ایم کیو ایم کراچی پر سیاست نہیں کرے گی تو ان کی سیاست ختم ہوجائے گی۔شرمیلا فاروقی نے کہا کہ کوئی بھی کراچی کے اندر ایشو ہو ایم کیو ایم کا منفی کردار ہوتا ہے، ان کا کراچی کو وفاق کے حوالے کرنے کا مطالبہ بہت پرانا ہے، یہ مطالبہ الطاف حسین کے وقت بھی کیا گیا تھا۔

پی پی رہنما نے کہا کہ صوبے بنانے کا طریقہ آئین میں موجود ہے، کہیں آگ لگ جائے یا کچھ ہوجائے تو صوبہ بنادو یہ کہنا درست نہیں۔انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو کی کراچی پر زیادہ نظر رہتی ہے، وہ وزیر اعلی اور وزرا سے ملاقاتیں کرتے رہتے ہیں اور ان سے کارکردگی کا پوچھتے ہیں۔شرمیلا فاروقی نے کہا کہ بلاول بھٹو کراچی کی مختلف شاہراہوں کا دورہ بھی کرتے ہیں، دیکھا ہوگا کہ بلاول نے کراچی کی بزنس کمیونٹی سے بھی ملاقاتیں کی ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں