لاہور( رپورٹنگ آن لائن)فیڈرل بورڈ آف ریونیوکی انعامی اسکیم کی مقبولیت کے ساتھ ہی پی او ایس کی تصدیق شدہ انوائسز میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔ایف بی آر کی جانب سے انعامی سکیم کے تحت ہرماہ کمپیوٹرائزڈ قرعہ اندازی کے ذریعے ایک ہزار سات خوش نصیبوں میں پانچ کروڑ تیس لاکھ روپے کی انعامی رقم تقسیم کی جائے گی۔ایف بی آر کے مطابق تعداد میں اضافے کے ساتھ ہی اس جاری آئوٹ ریچ مہم اور انعامی اسکیم میں تیزی آتی جارہی ہے۔
فروری میں ٹیئر ون ریٹیلرز کی جانب سے تقریباً 38 ملین انوائسز ایف بی آر پی او ایس سسٹم کیساتھ منسلک ہیں جبکہ جنوری 2022 میں یہ تعداد 37 ملین تھی حالانکہ جنوری کے مقابلے میں فروری میں3دن کم بھی ہیں۔اگر فروری میں مزید 3 دن دستیاب ہوتے تو تقریباً مزید چار ملین تصدیق شدہ رسیدیں مزید شامل کی جاتیں۔ جنوری میں27,000 سے بڑھ کر فروری میں صارفین کی تعداد 39000 کے قریب پہنچ گئی جنہوں نے کامیابی سے اپنے رسیدوں کی تصدیق کی۔