لاہور (رپورٹنگ آن لائن) فیڈرل بورڈ آف ریونیو ( ایف بی آر )نے مالی سال 2025-26ء میں بہترین کارکردگی دکھانے والے افسران کو انعامات دینے کا فیصلہ کر لیا ۔
اس سلسلے میں گریڈ 1سے 16کے ٹائم سکیل کے تحت ترقی یافتہ گریڈ 17کے افسران کو انعامات دیئے جائیں گے جبکہ گریڈ 17یا زائد کیڈر کے افسران کے لیے بھی انعامات کی سفارشات طلب کی گئی ہیں۔ذرائع کے مطابق کسٹمز سروس، ان لینڈ ریونیو افسران اور ڈیپوٹیشن پر کام کرنے والے افسران کو بھی حوصلہ افزائی کا موقع دیا جائے گا۔ ایف بی آر کی جانب سے انعامات کی تقسیم کارکردگی کی بنیاد پر تین مختلف کیٹیگریز میں کی جائے گی، جس کے تحت بہترین کارکردگی دکھانے والے افسران کو اے کیٹیگری میں شامل کیا جائے گا۔
بی اور سی کیٹیگری کے افسران کو ان کی بنیادی تنخواہوں کا مخصوص حصہ بطور انعام دیا جائے گا۔ایف بی آر نے اپنے ہیڈکوارٹرز اور مختلف ڈائریکٹوریٹس سے جامع سفارشاتی فہرستیں طلب کر لی ہیں، جنہیں مقررہ فارمیٹ کے مطابق ای میل کے ذریعے جمع کروانا لازمی قرار دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ ڈیپوٹیشن پر ایف بی آر میں خدمات انجام دینے والے افسران کے لیے الگ فہرست بھی طلب کی گئی ہے تاکہ تمام متعلقہ افسران کو انصاف کے ساتھ انعامات دیے جا سکیں۔









