ایشوریا رائے 36

ایشوریا رائے کا نوجوان اداکارائوں کو مخلصانہ مشورہ

ممبئی (رپورٹنگ آن لائن)ایشوریا رائے نے کانز فلم فیسٹیول 2026 میں کئی شاندار انداز اپنائے جس کی وجہ سے وہ سوشل میڈیا پر توجہ کا مرکز بنی رہیں۔ ریڈ کارپٹ کی چمک دمک کے علاوہ انہوں نے بولی وڈ میں اپنی جگہ بنانے کے حوالے سے نوجوان اداکارائوں کو ایک اہم مشورہ بھی دیا جس نے لوگوں کی توجہ کھینچ لی.

حالیہ انٹرویو کے دوران ایشوریا رائے میں کہا کہ میں محبت اور حمایت کیلیے سب کی شکر گزار ہوں، تعریف کیلئے آپ کا بہت بہت شکریہ، لیکن میرا ماننا ہے کہ فن کی دنیا ہو یا کوئی بھی دوسری دنیا جسے آپ منتخب کریں، آپ کا سفر آپ کا اپنا ہوتا ہے۔آپ کے تجربات ہی آپ کو نکھارتے ہیں اور یہ سمجھنے میں مدد دیتے ہیں کہ آپ کو کیا فیصلے کرنے ہیں، کیونکہ ہر انسان کی ترجیحات اور حالات مختلف ہوتے ہیں۔ اس لیے آپ پہلے سے نہیں جان سکتے کہ کون سی چیز آپ کیلیے فائدہ مند ثابت ہوگی اور کیا صحیح ہے یا غلط۔اداکارہ نے اس بات کا اعتراف کیا کہ سینما کی دنیا میں دہائیاں گزارنے کے باوجود وہ خود کو اب بھی ہر روز سیکھنے والا ہی سمجھتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میں صرف اتنا کہنا چاہوں گی کہ باہر نکلیں، اپنے شوق کو پہچانیں اور اپنے فیصلوں کے ساتھ مخلص رہیں، آپ کو خود اپنا سب سے اچھا دوست بننا ہوگا کیونکہ آپ کو اپنے ساتھ خود ہی کھڑا ہونا ہے، آج کل کی دنیا میں جہاں بہت سی چیزیں مصنوعی ہوتی ہیں، وہاں آپ آس پاس کے حالات کا اندازہ نہیں لگا سکتے اور نہ ہی آپ کو ان مصنوعی چیزوں کے پیچھے بھاگنا چاہیے۔

اگر آپ خود کچھ نیا سیکھنے اور تلاش کرنے کا سفر نہیں کریں گے تو اس میں کوئی مٹھاس، جادو یا مزہ نہیں رہے گا۔ آپ کو کھل کر جینا چاہیے، زندگی کا تجربہ کرنا چاہیے اور پھر اسے اپنے فن میں ڈھالنا چاہیے۔ اس لیے آپ جیسے ہیں، ویسے ہی رہیں۔ اپنے آپ کے ساتھ بالکل سچے اور مخلص رہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں