تہران (رپورٹنگ آن لائن)سابق ایرانی وزیر خارجہ جوادظریف نے امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا کو سمجھناہوگا کہ ایران کو شرائط سے ڈکٹیٹ نہیں کرایا جا سکتا، اب بھی سمجھنے کیلئے دیر نہیں ہوئی۔
قبل ازیں اسلام آباد میں ہونے والے مذاکرات کے بعد پریس کانفرنس میں امریکی نائب صدر نے کہا کہ ہم نے بہت واضح طور پر بتا دیا تھا کہ ہماری ریڈ لائنز کیا ہیں، کن باتوں پر ہم مفاہمت کر سکتے ہیں اور کن پر نہیں۔جے ڈی وینس کے مطابق انھوں نے (ایران نے)فیصلہ کیا ہے کہ وہ ہماری شرائط تسلیم نہیں کریں گے۔اس موقع پر صحافیوں نے امریکی نائب صدر سے سوال کیا کہ واضح طور پر بتائیے کہ کون سی شرائط مسترد کی گئی ہیں؟
جواب میں جے ڈی وینس نے کہا کہ 21 گھنٹے تک جو مذاکرات بند دروازوں کے پیچھے ہوئے، ان کی تمام تفصیلات تو وہ نہیں بتائیں گے تاہم سادہ سی بات یہ ہے کہ ہم ان سے (ایران سے)یقین دہانی چاہتے ہیں کہ وہ جوہری ہتھیار نہیں بنائیں گے اور وہ جوہری صلاحیت حاصل کرنے کے لیے درکار آلات بھی حاصل نہیں کریں گے۔









