لاہور( ر پورٹنگ آن لائن)قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بالر حسن علی نے کہا ہے کہ ان کی اہلیہ سامعہ کے ساتھ اور محبت کے بغیر ان کی زندگی کا کوئی تصور نہیں ۔حسن علی نے اپنے تصدیق شدہ انسٹاگرام اکانٹ پر اپنی اہلیہ سامعہ کے ہمراہ نئی تصویر شیئر کی ہے جو میاں بیوی کے خوبصورت رشتے کی عکاسی کررہی ہے۔حسن علی نے اس تصویر کے کیپشن میں لکھا کہ ہماری زندگی میں ایک تبدیلی ہونے والی ہے۔فاسٹ بالر نے لکھا کہ یہ دیکھنا حیرت انگیز نہیں ہے کہ حمل کے دوران عورت کا جسم تبدیلیوں سے کیسے گزرتا ہے۔انہوں نے اہلیہ سامعہ سے مخاطب ہوکر کہا کہ آپ کی موجودگی مجھے ایک بہتر انسان بنا دیتی ہے۔حسن علی نے کہا کہ آپ کی محبت اور تعاون کے بغیر، میں اپنی زندگی کا تصور بھی نہیں کرسکتا ہوں۔قومی کرکٹر نے اپنی پوسٹ کے کیپشن میں ہیش ٹیگ SoonToBe3بھی استعمال کیا جس کا مطلب یہ ہے کہ ان کے ہاں جلد ننھا مہمان آنے والا ہے۔خیال رہے کہ اس سے قبل حسن علی کی اہلیہ سامعہ نے اپنے انسٹاگرام اکانٹ پر اپنی تصویر شیئر کی تھی۔انسٹاگرام پر تصویر شیئر کرتے ہوئے سامعہ نے لکھا تھا کہ چاہے میرا دن کتنا ہی خراب کیوں نہ ہو لیکن اپنے بچے کی حرکت محسوس کرکے ہر چیز کو ٹھیک کردیتی ہوں۔واضح رہے کہ سال 2019، 20 اگست کو حسن علی بھارتی دوشیزہ سامعہ آرزو کے ساتھ رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے تھے۔حسن علی اور سامعہ شادی کے بندھن میں بندھ گئے،شادی کی شاندار تقریب دنیا کے مہنگے ترین ہوٹلوں میں سے ایک دبئی کے سیون اسٹار ہوٹل میں منعقد کی گئی تھی۔
