اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کے بانی راہنما اکبر ایس بابر نے بجلی کمپنیوں (ڈسکوز)کی نجکاری سے متعلق حکومت سے اہم سوالات پوچھ لئے۔
جاری بیان کے مطابق انہوںنے کہاکہ بجلی کی لوڈشیڈنگ کے خاتمے کے لئے آئی پی پیز کے معاہدے کیے گئے جو حقیقت میں عوام اور ملکی معیشت کے گلے کا طوق بن گئے۔انہوںنے کہاکہ بجلی کی ترسیل اور تقسیم کرنے والی کمپنیوں کی نجکاری کی بات ہو رہی ہے جس کا مقصد یہ بتایا جا رہا ہے کہ خسارے کی شکار ان سرکاری کمپنیوں کی نجکاری سے معیشت اور عوام پر بوجھ کم ہو گا۔انہوںنے کہاکہ جکومت بتائے کہ اگر نیت نقصان کم کرنا ہے تو پھر سب سے بہتر کارکردگی دکھانے والی اسلام آباد، فیصل آباد اور گوجرانولہ کی بجلی کمپنیوں کی نجکاری سب سے پہلے کیوں کی جا رہی ہے؟
حکومت عوام کو بتائے کہ نجکاری کے بعد کیا بجلی کی قیمتوں میں کمی آئے گی یا مزید بڑھ جائیں گی؟انہوںنے کہاکہ حکومت عوام کو بتائے کہ نجکاری مکمل ہونے سے پہلے ان نجکاری معاہدوں کو عوام کی جانچ پڑتال کے لئے منظر عام پر لانے کا ارادہ ہے یا پھر آئی پی پیز کی طرح عوام کو خفیہ معاہدوں کی بھینٹ چڑھانے کا ارادہ ہے؟کیونکہ دودھ آئی پی پیز کا جلا چھاچھ بھی پھونک پھونک کر پیتا ہے۔









