ہمایوں اختر خان

اپوزیشن حکومت کی کارکردگی کو خراب بھی کہتی ہے اوران کی نیندیں اڑی بھی ہوئی ہیں’ہمایوں اختر خان

لاہور(رپورٹنگ آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنماو سابق وفاقی وزیر ہمایوں اخترخان نے کہاہے کہ اپوزیشن کے بقول موجودہ حکومت کی تین سال کی کارکردگی انتہائی خراب ہے لیکن حیرت ہے کہ اس کے باوجود اپوزیشن والوں کی نیندیں اڑی ہوئی ہیں،اپوزیشن نے یہ امیدیں لگا رکھی تھ یںکہ کورونا وباء کے تسلسل کی وجہ سے حکومت ناکام ہو جائے گی اور ان کی سیاست دوبارہ چمک اٹھے گی لیکن وزیر اعظم عمران خان نے وژن رکھنے والے لیڈر کی طور پر فیصلے کر کے ان کی تمام امیدوں پر پانی پھیر دیا، کنٹونمنٹ بورڈز کے بلدیاتی انتخابات میں تحریک انصاف بھرپور کامیابی حاصل کرے گی ۔

ان خیالات کا اظہار انہوںنے حلقہ این اے 131میں آنے والے کنٹونمنٹ بورڈ کے وارڈ نمبر 7،8اور دیگر مقامات پر امیدواروں کی انتخابی مہم کے سلسلہ میںمنعقدہ کارنرز میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ہمایوں اختر خان نے کہاکہ موجودہ حکومت نے سابقہ حکمرانوںکی طرح عوام کی آنکھوں میں دھول نہیں جھونکی بلکہ ان کے بنیادی مسائل حل کرنے کی طرف توجہ مرکوز کی ہے اور انشااللہ آنے والے دنوںمیں دیرینہ مسائل حل کرانے کیلئے مزید تیزی سے پیشرفت کی جائے گی۔انہوںنے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت کو جس طرح کے معاشی حالات ملے اگرعمران خان کی جگہ کوئی اور شخص ہوتا تو پاکستان خدانخواستہ ڈیفالٹ کر چکاہوتا ،وزیر اعظم عمران خان نے نہ صرف پاکستان کومشکلات کی دلدل سے باہر نکالا بلکہ آج پاکستان معاشی طور پر ٹیک آف کی پوزیشن میں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف ایسے امیدواروں کو میدان میں لائی ہے جو حلقے سے تعلق رکھتے ہیں اور مسائل حل کرانے کی صلاحیت بھی رکھتے ہیں ، انتخابات سے قبل ہی اپوزیشن کے امیدوار وںکے چہروں کی ہوائیاں اڑی ہوئی ہیںجس سے نتائج صاف واضح ہیں۔