اوکاڑہ ( شیر محمد )پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن (پی ایم اے) کی مرکزی کال پر ضلع اوکاڑہ بھر میں پرائیویٹ ہسپتال اور کلینکس مکمل طور پر بند رہے۔ پی ایم اے ہاؤس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے صدر پی ایم اے اوکاڑہ ڈاکٹر نعیم زاہد نے کہا کہ ڈاکٹروں کا استحصال کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ایف بی آر کی جانب سے ڈاکٹروں کے ساتھ تضحیک آمیز رویہ کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے، ڈاکٹروں کو عام دوکانداروں کی طرح ٹریٹ کیا جا رہا ہے جو ناقابل قبول ہے۔
ڈاکٹر نعیم زاہد کا کہنا تھا کہ پی ایم اے کی کال پر آج کی ہڑتال متعلقہ محکموں کے لیے الارمنگ ہونی چاہیے، وائ ڈی اے نے بھی پی ایم اے کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ڈاکٹرز پہلے ہی ٹیکس ادا کر رہے ہیں جبکہ ایف بی آر مزید ٹیکس مسلط کرنا چاہتی ہے۔ ایف بی آر کے انسپکٹرز پرائیویٹ کلینکس پر جا کر ڈیٹا اکٹھا کرتے ہیں جس سے مریضوں اور ڈاکٹروں کی پرائیویسی متاثر ہوتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ضلع بھر کے ڈاکٹروں نے پی ایم اے کی کال پر لبیک کہتے ہوئے آج مکمل کلینکس بند رکھے ہیں، آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان گجرات کنونشن میں کیا جائے گا۔









