اوپن یونیورسٹی

اوپن یونیورسٹی، سمسٹر خزاں 2021ءکے پہلے مرحلے کے داخلے آج سے شروع

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن ) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے سمسٹر خزاں 2021ءکے پہلے مرحلے کے داخلے ملک کے چاروں صوبوں ، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں ایک ساتھ آج سے شروع ہورہے ہیں جبکہ دوسرے مرحلے کے داخلے یکم ستمبر سے شروع ہونگے۔پہلے مرحلے میں پیش کئے جانے والے پروگراموں میں میٹرک )جنرل(، میٹرک درس نظامی)ثانویہ عامہ( ، ایف اے)جنرل(، آئی کام ، ایف اے درس نظامی )ثانویہ خاصہ( ، سرٹیفیکیٹ کورسز ، بی ایس)فیس ٹو فیس(، ایم بی اے/ایم پی اے ، ایم فل اور پی ایچ ڈی پروگرامز شامل ہیں۔میٹرک ، ایف اے اور آئی کام کے داخلوں کی آخری تاریخ 6ستمبر جبکہ میرٹ بیسڈ پروگرامز )بی ایس ، ایم فل اور پی ایچ ڈی( کے داخلوں کی آخری تاریخ 23اگست مقرر کی گئی ہے۔دوسرے مرحلے کے پروگرامز میں بی اے )ایسوسی ایٹ ڈگری( اور بی ایس)او ڈی ایل اینڈ بلنڈڈ موڈ(شامل ہونگے۔

یونیورسٹی نے خزاں 2021ءسمسٹر سے اوورسیز پاکستانی طلبہ کی تعلیمی نیٹ ورک میں بھی توسیع کردی ہے، اب دنیا بھر کے کسی بھی ملک میں مقیم پاکستانی علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے تعلیمی پروگراموں میں داخلہ لے کر اپنی تعلیمی استعداد میں اضافہ کرسکتے ہیں۔قبل ازیں یونیورسٹی صرف مشرق وسطیٰ کے ممالک میں مقیم پاکستانیوں کے لئے تعلیمی پروگرامز آفر کرتی تھی ، یونیورسٹی نے دنیا بھر کے ممالک میں مقیم پاکستانیوں کے لئے 23تعلیمی پروگرامزمیں داخلوں کا آغاز کردیا ہے جن میں سے میٹرک ، ایف اے ، آئی کام کے داخلے 15جولائی سے جبکہ دیگر پروگرامز کے داخلے یکم ستمبر سے شروع ہونگے۔بیرون ممالک میں یونیورسٹی داخلے آن لائن مینجمنٹ سسٹم کے تحت پیش کررہی ہے۔تمام طلبہ کے ایل ایم ایس سسٹم پر پورٹل بن جائیں گے جن میں داخلوں سے لیکر امتحانات تک تمام تعلیمی سرگرمیاں آن لائن ہونگی۔

بیرون ملک مقیم پاکستانی طلبہ داخلہ فارم یونیورسٹی کی ویب سائٹ http://online.aiou.edu.pkسے ڈاﺅن لوڈ کرسکتے ہیں۔شعبہ داخلہ کے مطابق میرٹ بیسڈ پروگراموں کے داخلے آن لائن ہونگے ، داخلہ فارم اور پراسپکٹس یونیورسٹی کی ویب سائٹ پر اپ لوڈ کردئیے گئے ہیں جبکہ میٹرک اور ایف اے پروگرامز کے پراسپکٹس اور داخلہ فارم سیل پوائنٹس سے صبح 8بجے سے شام 6بجے تک حاصل کئے جاسکتے ہیں۔ سیل پوائنٹس کی معلومات یونیورسٹی ویب سائٹ یا ہیلپ لائن سے حاصل کی جاسکتی ہیں۔میٹرک اور ایف اے پروگرامز کے پراسپکٹس/داخلہ فارم یونیورسٹی کی ویب سائٹ https;//online.aiou.edu.pkپر بھی موجود ہیں۔امیدوار مجوزہ طریقہ کار کے مطابق داخلہ آن لائن جمع کرواسکتے ہیں، اس صورت میں داخلہ فارم پرنٹ کرکے یونیورسٹی کو بھجوانے کی ضرورت نہیں ہوگی۔

طلباءکو داخلہ فیس الائیڈ بینک ، مسلم کمرشل بینک ، یو بی ایل اور فرسٹ وویمن بینک کی کسی بھی برانچ میں جمع کروانا ہوگی۔طلباءجاز کیش ، ایزی پیسہ اور یو پیسہ کی موبائیل ایپ*786#USSDسٹرنگ/ریٹیلر ایجنٹ/فرنچائز اور موبی لنک ، ٹیلی نار ، یو بینک کی برانچز کے ذریعے بھی فیس جمع کراسکیں گے۔جاری (Continuing)طلباءو طالبات یونیورسٹی ویب سائٹ http://online.aiou.edu.pkپر داخلہ فارم آن لائن مکمل کرکے داخلہ فیس )بذریعہ چالان (نامزد کردہ بینک برانچز یا موبائیل ایپس کے ذریعے مقررہ تاریخ تک جمع کروائیں۔