انگلینڈ 84

انگلینڈ کی ٹیم 17 سال بعد ٹی20 سیریز کھیلنے کیلئے پاکستان پہنچ گئی، شاندار استقبال

کراچی ( رپورٹنگ آن لائن )انگلینڈ کی ٹیم سات ٹی20 انٹرنیشنل میچوں کی سیریز کھیلنے کیلئے 17 سال بعد پاکستان پہنچ گئی،وکٹ کیپر بلے باز جوز بٹلر کی قیادت میں انگلینڈ کا اسکواڈ کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچا جہاں پاکستان کرکٹ بورڈ کے اعلیٰ حکام نے مہمان ٹیم کا استقبال کیا۔مہمان ٹیم کو سخت سیکیورٹی میں ایئرپورٹ سے ہوٹل پہنچایا گیا۔تفصیلات کے مطابق انگلینڈ کی ٹیم 17 سال بعد پاکستان آئی ہے جہاں اس سے قبل مہمان ٹیم آخری مرتبہ 2005 میں پاکستان کے دورے پر آئی تھی،2005 میں دونوں ٹیموں کے درمیان ٹیسٹ اور ون ڈے سیریز کھیلی گئی تھی،پاکستان میں دونوں ٹیمیں پہلی مرتبہ کسی ٹی20 سیریز میں مدمقابل ہوں گی۔16 ستمبر سے 19 ستمبر تک دونوں ٹیمیں نیشنل اسٹیڈیم میں پریکٹس سیشن کریں گی جس کے بعد سات ٹی20 میچز کی سیریز کا پہلا میچ 20 ستمبر کو کھیلا جائے گا اور پاکستان کرکٹ بورڈ نے سیریز کے پہلے میچ کی گیٹ منی سیلاب زدگان کو عطیہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔

سیریز کے پہلے مرحلے میں دونوں ٹیموں کے درمیان نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں 4 ٹی20 میچ کھیلے جائیں گے، یہ میچز 20، 22، 23 اور 25 ستمبر کو کھیلے جائیں گے۔بعد ازاں انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم کراچی سے لاہور کے لیے روانہ ہوگی جہاں قذافی اسٹیڈیم لاہور میں 28، 30 اور 2 اکتوبر کو سیریز کے آخری تینوں میچ کھیلے جائیں گے۔خیال رہے کہ انگلینڈ نے دورہ پاکستان کے لیے رواں ماہ کے شروع میں جوز بٹلر کی قیادت میں 19 رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا تھا۔

انگلش بورڈ نے بتایا تھا کہ کپتان جوز بٹلر انجری سے صحت یاب ہو رہے ہیں اور پاکستان کا دورہ کریں گے تاہم امکان ہے کہ وہ 7 میچوں کی سیریز کے آخری مرحلے میں دستیاب ہوں گے۔اعلامیے میں بتایا گیا تھا کہ جوز بٹلر کی غیر موجودگی میں معین علی ٹیم کی قیادت کریں گے۔انگلینڈ نے دورہ پاکستان کے لیے اعلان کردہ اسکواڈ میں 5 نئے کھلاڑیوں کو شامل کیا ہے جن میں بلے باز جارڈن کوکس، فاسٹ باؤلر ٹام ہیلم، بلے باز ول جیکس، اولی اسٹون اور لیوک ووڈ شامل ہیں۔پاکستان کا دروہ کرنے والے انگلینڈ کے اسکواڈ میں جوز بٹلر (کپتان)، معین علی (نائب کپتان)، ہیری بروک، جورڈن کوکس، سیم کیوران، بین ڈیکیٹ، لیام ڈاؤسن، رچرڈ گلیسون، ٹام ہیلم، ویل جیکس، ڈیوڈ ملان، عادل رشید، فل سالٹ، اولی اسٹون، ریس ٹاپلی، ڈیوڈ ویلی، کرس ووکس، لیوک ووڈ، مارک ووڈ شامل ہیں۔شیڈول کے مطابق پہلا ٹی20 نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں 20 ستمبر کو کھیلا جائیگا ،دوسرا ٹی20 یشنل اسٹیڈیم کراچی میں 22 ستمبرکو کھیلا جائیگا ،تیسرا ٹی20 نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں23 ستمبر،چوتھا ٹی20 نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں25 ستمبر،پانچواں ٹی20 قذافی اسٹیڈیم لاہور میں28 ستمبر ،چھٹا ٹی20 قذافی اسٹیڈیم لاہور میں30 ستمبراور ساتواں ٹی20 قذافی اسٹیڈیم لاہور میں2 اکتوبر کو کھیلا جائیگا ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں