اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن) قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلرجنید خان کہا ہے کہ گیند کو چمکانے کیلئے تھوک کا استعمال روکنے سے انگلینڈ میں پاکستانی پیسرز کو ریورس سوئنگ میں مشکل پیش آئے گی اور کارکردگی متاثر ہو گی۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جنید خان نے کہا کہ گیند پر تھوک کا استعمال روکنے کی وجہ سے ریورس سوئنگ نہیں ہو گی، اس سے دونوں ٹیموں کے پیسرز کی کارکردگی پر فرق پڑے گا لیکن زیادہ مشکلات پاکستانی باؤلرز کیلئے ہوں گی، جیمز اینڈرسن نئی گیند اچھی کرتے ہیں لیکن ریورس سوئنگ زیادہ مؤثر نہیں، اس معاملہ میں اسٹورٹ براڈ اور جوفرا آرچر بھی مہمان بولرز سے پیچھے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی پیسرز میں سے محمد عباس کی اسپیڈ 125کلومیٹر فی گھنٹہ ہے لیکن ایشیاء میں بھی وہ ریورس سوئنگ سے وکٹیں حاصل کرتے رہے ہیں، شاہین شاہ آفریدی بھی مناسب مہارت رکھتے ہیں، نسیم شاہ نے مختصر کیریئر میں زیادہ تر شکار ریورس سوئنگ کی بدولت ہی کئے۔ انہوں نے کہا کہ محمد موسیٰ سمیت نوجوان پیسرز کو انگلش کنڈیشنز کا تجربہ نہیںِ، اس لئے وہاں اچھا پرفارم کرنا آسان نہیں ہو گا۔
جنید خان نے کہا کہ دورہ انگلینڈ کیلئے نظر انداز کئے جانے پر مایوسی ہوئی، میں نے انڈر 19ٹیم کے ساتھ انگلینڈ کا دورہ کیا، 6سال کاؤنٹی کرکٹ کھیلی، چیمپئنز ٹرافی میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا، میں ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں جیمز فالکنر کے بعد لنکاشائر کا کامیاب ترین غیر ملکی باؤلر ہوں۔