پولیو

انسداد پولیو مہم،4کروڑ 50لاکھ بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے گئے

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)وزارت صحت کے ترجمان کے مطابق حالیہ انسداد پولیو مہم کے دوران ملک بھر میں 4 کروڑ 50 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے گئے ہیں۔ جاری بیان کے مطابق جمعہ کو وزیر مملکت برائے صحت ڈاکٹر مختار بھرتھ نے نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر پولیو کا دورہ کرتے ہوئے حالیہ انسداد پولیو مہم کے اقدامات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر وزیر صحت نے بریفنگ کے دوران واضح کیا کہ بچوں کو پولیو سے محفوظ بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

انہوں نے کہا کہ پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے بار بار ویکسینیشن ناگزیر ہے، جبکہ معمول کی حفاظتی ویکسین ہر بچے کا بنیادی حق ہے۔ڈاکٹر مختار بھرتھ نے واضح کیا کہ حفاظتی ٹیکوں کی کوریج میں بہتری لانا حکومتی ترجیحات میں شامل ہے۔

انہوں نے ہدایت دی کہ پولیو کے خاتمے کے لیے حفاظتی ٹیکوں کی کوریج بڑھانے پر خصوصی توجہ دی جائے، خاص طور پر ہائی رسک علاقوں میں۔وزیر صحت نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ویکسین سے محروم رہ جانے والے بچوں کی ویکسینیشن کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ملک کو پولیو سے مکمل طور پر پاک بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔