کراچی (رپورٹنگ آن لائن) قائد حزب اختلاف سندھ حلیم عادل شیخ نے کہا ہے کہ امپورٹڈ حکومت جلد ختم ہونے جارہی ہے۔ حلیم عادل شیخ نے سندھ میں ہونے والے بلدیاتی الیکشن کے حوالے سے اپنے ویڈیو بیان میں کہا کہ سندھ میں بلدیاتی الیکشن میں پیپلزپارٹی نے قبل از انتخابات دھاندلی شروع کر دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ کے افسران سے کہتا ہوں ہوش کے ناخن لیں سیاہ رات ختم ہونے والی ہے، امپورٹڈ حکومت کی مین اتحادی پیپلزپارٹی جو سندھ میں موجود ہے، امپورٹڈ حکومت بھی جلد ختم ہونے جارہی ہے۔ حلیم عادل شیخ نے کہا کہ سندھ میں ڈی آر اوز، اے آر اوز سندھ حکومت کے ملازمین ہیں، افسران کے ذریعے ہمارے امیدواروں کو حراساں کیا جارہا ہے۔ انکا کہنا ہے کہ پولیس ہمارے لوگوں پر جھوٹے مقدمات بنا رہی ہے ان کے فارم رد کروائے جارہے ہیں، ملیر میں بھی ہمارے امیدوار سلیم پر جھوٹا مقدمہ قائم کیا گیا ہے۔
قائد حزب اختلاف سندھ نے کہا کہ بلدیاتی الیکشن میں بلاول سندھ میں جلسے کرنے جارہا پی پی کے اراکین، سینیٹرز، منسٹرز بلدیاتی الیکشن کی مہم چلا رہے ہیں۔ ہمارے ایم پی اے شبیر قریشی پر جھوٹا بے بنیاد مقدمہ بنا کر گرفتار کیا گیا۔ حلیم عادل شیخ نے مزید کہا کہ سندھ میں سویلین ڈکٹیٹرشپ قائم ہے پولیس فسطائیت کا شکار ہے، عنقریب پیپلزپارٹی کا سندھ سے بھی خاتمہ ہونے والا ہے۔