محسن نقوی

امن و امان اور قومی سلامتی کے مسائل ہماری اولین ترجیحات ہیں، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی

اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن)وفاقی وزیر داخلہ سینیٹر محسن نقوی نے کہا ہے کہ امن و امان اور قومی سلامتی کے مسائل ہماری اولین ترجیحات ہیں۔جمعرات کو ایوان بالا کے اجلاس میں انہوں نے کہا کہ حالیہ حملوں کے سلسلے میں اسلام آباد دھماکے اور وانا میں ملوث کرداروں کی نشاندہی کر لی گئی ہے اور تحقیقات جاری ہیں۔

وزیر داخلہ نے بتایا کہ تحقیقاتی عمل سے معلوم ہوا ہے کہ ان واقعات میں ملوث بعض افراد کا تعلق افغانستان سے ہے۔محسن نقوی نے کہا کہ بین الاقوامی سطح پر بھی رابطے جاری ہیں ، کل سری لنکن کھلاڑیوں کے ساتھ بات چیت ہوئی اور سری لنکن صدر نے بھی اپنی ٹیم سے رابطہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ زمبابوے کی کرکٹ ٹیم بھی کل شب پاکستان پہنچ چکی ہے اور متعلقہ سکیورٹی انتظامات کو مزید سخت کیا گیا ہے۔

فیلڈ مارشل نے بھی ان ٹیموں کے سکیورٹی ہیڈز سے رابطے رکھے۔وزیر داخلہ نے اس طرف توجہ دلائی کہ افغانستان سے آنے والے عناصر بعض اوقات یہاں غیرقانونی طور پر آ کر حملوں میں ملوث ہو جاتے ہیں جس سے ہمارا دفاعی اور حفاظتی چیلنج بڑھ رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس صورتحال کے پیش نظر حکومت کی اولین ترجیح غیرقانونی افغان باشندوں کی یہاں سے بے دخلی ہے اور اس سلسلے میں قانونی اور انتظامی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ محکمہ داخلہ شفاف تحقیقات اور قربانی دینے والوں کے لواحقین کی ہر ممکن معاونت کو یقینی بنائے گا۔ وزیر داخلہ نے عوام سے تعاون اور امن و سلامتی کے لیے ضروری معلومات شیئر کرنے کی اپیل بھی کی۔