ٹرمپ 19

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی مغربی کنارے پر اسرائیلی قبضے کی مخالفت

واشنگٹن(رپورٹنگ آن لائن) امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مغربی کنارے پر اسرائیلی قبضے کی مخالفت کر دی۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق وائٹ ہاؤس کے عہدیدار نے بتایا کہ صدر ٹرمپ مغربی کنارے پر اسرائیلی قبضے کی مخالفت کرتے ہیں اور وہ سمجھتے ہیں کہ مغربی کنارے میں استحکام سے اسرائیل محفوظ رہے گا۔

وائٹ ہاؤس عہدیدار کا کہنا تھا کہ فلسطینی علاقوں میں استحکام خطے میں قیام امن کے امریکی ہدف کے مطابق ہے۔

انہوں نے کہا کہ ٹرمپ انتظامیہ مشرق وسطیٰ میں امن کیلئے جاری کوششوں کو کامیاب بنانے کیلئے مغربی کنارے کے استحکام کو ضروری سمجھتی ہے۔

دوسری جانب برطانوی حکومت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ مغربی کنارے پر قبضے کو وسعت دینے کے اسرائیلی کابینہ کے فیصلے کی مذمت کرتے ہیں، فلسطین کی جغرافیائی ساخت کو یکطرفہ طور پر تبدیل کرنے کی کوشش ناقابل قبول ہے۔

برطانوی حکومت کا کہنا ہے کہ ایسی کوئی بھی کوشش بین الاقوامی قوانین سے متصادم ہوگی، اسرائیل سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ ان فیصلوں کو فوری طور پر واپس لے۔

ادھر پاکستان سمیت 8 مسلم ممالک نے مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی اقدامات کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری سے اسرائیل کو خطرناک اقدامات روکنے کا مطالبہ کر دیا۔

مسلم ممالک کے مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل کا مقبوضہ فلسطینی علاقوں پر کوئی حقِ خودمختاری نہیں اور یہ اقدامات مغربی کنارے کے غیر قانونی الحاق اور فلسطینی عوام کی بے دخلی کی کوششوں کو تیز کر رہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں