واشنگٹن(رپورٹنگ آن لائن)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو حملے کی دھمکی دیدی۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دھمکی دی ہے کہ اگر ایران نے ہمارے ساتھ جوہری پروگرام پر معاہدہ نہیں کیا تو بمباری ہوگی اور تہران پر ثانوی ٹیرف بھی عائد ہوں گے۔غیر ملکی خبر ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی چینل کو انٹرویو میں کہا کہ امریکی اور ایرانی عہدیدار مذاکرات کر رہے تھے لیکن بارآور ثابت نہیں ہوئے۔امریکی صدر نے کہا کہ اگر وہ معاہدہ نہیں کریں گے تو پھر بم باری ہوگی لیکن ایک موقع ہے، اگر وہ معاہدہ نہیں کریں گے تو میں 4 سال پہلے کی طرح ثانوی ٹیرف عائد کردوں گا۔
یاد رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے 2017سے 2021کے دوران اپنے دور صدارت میں ایران کے امریکا اور عالمی طاقتوں کے درمیان 2015میں ہونے والے جوہری معاہدے سے دستبرداری کا اعلان کیا تھا۔عالمی طاقتوں کے ساتھ معاہدے کے تحت ایران نے اپنی جوہری سرگرمیاں محدود کر دی تھیں اور اس کے بدلے معاشی پابندیوں میں نرمی کی گئی تھی۔ٹرمپ نے اس معاہدے سے علیحدگی کے بعد ایران پر یک طرفہ پابندیاں عائد کر دی تھیں جبکہ ایران نے یورینیم سمیت جوہری پرگرام میں طے شدہ حدود سے تجاوز کیا تھا۔









