ایرانی صدر

امریکی سینیٹ ، خامنہ ای اور ایرانی صدر کے خلاف پابندیوں کے لیے قانونی بل پیش

واشنگٹن(رپورٹنگ آن لائن)امریکا میں ریپبلکن سینیٹر ٹیڈ کروز نے ایرانی رہبر اعلی علی خامنہ ای اور صدر ابراہیم رئیسی کو سزا دینے کے لیے ایک قانونی بل پیش کیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اس بل میں ایرانی نظام حکومت پر حقیقی پابندیاں عائد کیا جانا شامل ہے۔کروز نے امریکی صدر جو بائیڈن کی انتظامیہ پر نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایران پر دبا کے باقی ماندہ ذرائع سے بھی دست بردار ہونے کی کوشش کر رہی ہے۔کروز کے مطابق علی خامنہ ای ایرانی عوام کے خلاف تشدد اور فتنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں جب کہ صدر رئیسی لاکھوں ایرانیوں کے خلاف قتل عام کے ذمے دار ہیں۔

ریپبلکن سینیٹر نے زور دیا کہ دونوں شخصیات کو امریکی پابندیوں کی لپیٹ میں لینے اور ایرانی نظام حکومت کی شرپسند سرگرمیوں پر روک لگانے کی ضرورت ہے۔اس قانونی بل کو پیش کرنے میں ٹیڈ کروز کو کئی دیگر سینیٹروں کی بھی حمایت حاصل ہے۔ابراہیم رئیسی کی جیت کے فوری بعد ایمنیسٹی انٹرنیشنل نے انسانیت کے خلاف جرائم کے ارتکاب کے سلسلے میں نئے ایرانی صدر کی سرزنش کا مطالبہ کیا تھا۔