لاہور(رپورٹنگ آن لائن)ترجمان پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ ذاتی مفادات کیلئے انتخابی مہم کو ادھوراچھوڑ کر امریکہ یاترا کیلئے جانے والوں کی کشمیر سے محبت اور لگائو کے دعوے عوام کے سامنے بے نقاب ہو گئے ہیں ،پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) والے سیاست کیلئے ہمیشہ دوسروں کے کندھوں کا سہارا لیتے ہیں ، اگر بلاول زرداری یہ سمجھ رہے ہیں کہ امریکہ یاتراسے حالت نزاع میں گئی ہوئی پیپلز پارٹی کی سیاست کو تقویت ملے گی تو یہ ان کی بھول ہے ۔
اپنے ایک بیان میں انہوںنے کہا کہ بلاول بھٹو نے گلگت بلتستان کی انتخابی مہم کے دوران بھی بڑے بڑے دعوے کئے تھے لیکن نتائج نے ان کے تمام دعوئوں کے پول کھول دئیے ،اب بھی وہ آزاد کشمیر کی انتخابی مہم میں بڑھکیں لگا کر مہم کو ادھوراچھوڑ کر امریکہ یاترا کے لئے چلے گئے ہیں اورآزادکشمیر انتخابات کے نتائج بھی مختلف نہیںہوں گے ، انشا اللہ آزاد کشمیر میںبھی تحریک انصاف حکومت بنائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اورمسلم لیگ (ن) کا اب کوئی سیاست مستقبل نہیں ،اگرانہوں نے سیاست کرنی ہے توانہیں کرپشن اور لوٹ مار کی روایات کو چھوڑ کر نئے سرے سے اپنی سیاست کا آغازکرنے ہوگا۔








