بیجنگ (رپورٹنگ آن لائن) چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان لین جیئن نے یومیہ پریس کانفرنس میں چین اور امریکہ کے درمیان اسلحے کے کنٹرول اورپھیلاؤ کی روک تھام کی بات چیت کے حوالے سے صحافی کے سوال کے جواب میں کہا کہ امریکہ نے چین کی سخت مخالفت اور بار بار رابطے کو نظر انداز کرتے ہوئے تائیوان کو اسلحے کی فروخت جاری رکھی اور متعدد منفی اقدامات کیے ہیں، جن سے چین کے بنیادی مفادات اور فریقوں کے درمیان باہمی اعتماد کو شدید نقصان پہنچا ہے۔
اسی وجہ سے چین نے امریکہ کے ساتھ اسلحے کے کنٹرول اور عدم پھیلاؤ سے متعلق بات چیت کے نئے دور کا انعقاد معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ترجمان نے کہا کہ چین باہمی احترام، پرامن بقائے باہمی اور تعاون پر مبنی جیت جیت کی بنیاد پر اسلحے کے کنٹرول کے بین الاقوامی معاملات پر امریکہ کے ساتھ رابطے برقرار رکھنے کا خواہاں ہے لیکن امریکہ کو چین کے بنیادی مفادات کا احترام کرکے فریقوں کے درمیان بات چیت اور تبادلوں کے لیے ضروری حالات پیدا کرنے چاہئیں۔