حافظ نعیم الرحمن 16

امریکہ، اسرائیل کے خلاف جمعہ کو ملک گیر مظاہروں کا اعلان

اسلام آباد ( رپورٹنگ آن لائن) امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے ایرانی حکومت و عوام سے اظہار یکجہتی اور امریکی و اسرائیلی جارحیت کے خلاف جمعہ کو ملک گیر احتجاج کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ غزہ امن بورڈ ڈھکوسلا ہے، امریکہ،اسرائیل، بھارت تثلیث خبیثہ ہیں، حکومت فوری غزہ بورڈ سے نکل آئے، کراچی مظاہرین کی شہادت کی تحقیقات کی جائیں۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے امریکہ، بھارت اور اسرائیل کو تثلیث خبیثہ اور ٹرمپ کی سربراہی میں بننے والے غزہ امن بورڈ کو ڈھکوسلا قرار دیا۔ امیر جماعت اسلامی نے مطالبہ کیا کہ حکومت پاکستان فوری طور پر نام نہاد غزہ امن بورڈ سے نکل آئے۔ نائب امیر میاں محمد محمد اسلم، ڈپٹی سیکرٹری جنرل فراست شاہ اور امیر اسلام آباد نصراللہ رندھاوا بھی اس موقع پر موجود تھے۔ قبل ازیں انہوں نے پریس کانفرنس میں موجود رہنماؤں اور سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی پاکستان شکیل احمد ترابی اور معاون امیر جماعت اسلامی میاں عطاالرحمن کے ہمراہ ایران کے سفارت خانہ میں ایرانی سفیر رضا امیری مقدم سے ملاقات کی اور رہبر معظم علی خامنائی اور دیگر قائدین کی اسرائیلی و امریکی دہشت گردی میں شہادت پر اظہار تعزیت کیا اور شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔

امیر جماعت اسلامی نے ایرانی سفیر کو یقین دلایا کہ موجودہ صورتحال میں پوری پاکستانی قوم اور جماعت اسلامی ایران کے عوام کے ساتھ ہے۔ رضا امیری مقدم نے امیر جماعت اسلامی کا شکریہ ادا کیا اور اتحاد امت کے لیے جماعت اسلامی کی کاوشوں اور اظہار یکجہتی پر شکریہ ادا کیا۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ حکومت اور اپوزیشن کو کھل کے ایران پر امریکی و اسرائیلی حملے کی مذمت کرے۔ان کا کہنا تھا کہ امریکہ و اسرائیل کے ناپاک منصوبوں کو ایران میں شکست سے دوچار کرنا بے حد ضروری ہے۔ خدانخواستہ اگر ایسا نہ ہوا تو صہیونی تسلط پاکستان کی سرحد تک پہنچ جائے گا اور خدانخواستہ اسرائیل کا اگلا ہدف پاکستان ہوگا۔ حکومت پہلے کی طرح ایران کے معاملہ پر واضح اور دوٹوک موقف اپنائے۔

ان کا کہنا تھا کہ ٹرمپ کو جنگی مجرم قرار دیا جانا چاہیے۔ امریکہ نے اسرائیل کے ساتھ مل کر ایران پر جنگ مسلط کی ہے اور سیاسی قیادت کونشانہ بنایا ہے جو تاریخ کا سیاہ ترین باب ہے، ٹرمپ نے بین الاقوامی قوانین کی دھجیاں اڑائی ہیں۔ امریکہ اور اسرائیل نے ایران میں جنگ کا آغاز 176بچوں کو شہید کرکے کیا ہے۔ مغرب کی اس بدترین ظلم پر خاموشی اس کے دہرے معیار کو عیاں کرتی ہے۔ غزہ میں اسرائیل نے امریکی آشیر باد سے اسی ہزار معصوموں کو شہید کردیا۔ ٹرمپ نے اقوام متحدہ کے برابر الگ سے امن بورڈ ادارہ بنا لیا ہے۔ دنیا ٹرمپ کی جارحیت کو روکے، اس شخص نے دنیا پر تیسری عالمی جنگ مسلط کردی ہے۔ پاکستان دوست ممالک سمیت غزہ امن بورڈ سے نکل آئے، عالم اسلام اور دنیا بھر کے امن دوست ممالک کو متحد کرے۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ پاکستان کے حکمران ہر وقت ٹرمپ کی خوشنودی کے خواہش مند رہنے کی بجائے عوام کی امنگوں کی ترجمانی کریں۔ وزیراعظم واضح اعلان کریں کہ ٹرمپ کے معاملہ پر ان سے غلطی سرزد ہوگئی ہے۔ انہوں نے کراچی میں امریکی قونصل خانہ کے سامنے مظاہرین پر گولیاں برسانے اور اس کے نتیجہ میں ہونے والی شہادتوں کی شفاف تحقیقات کا بھی مطالبہ دہرایا۔ امیر جماعت اسلامی نے مظاہرین سے پرامن رہنے کی اپیل کی۔ انہوں نے پوری قوم اور تمام طبقہ ہائے فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کو جمعہ کے مظاہروں میں بھرپور شرکت کی بھی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے علی خامنائی کی شہادت پر ملک بھر میں غائبانہ نماز جنازہ کا اہتمام کیا۔ جمعہ کو تمام اضلاع میں پرامن احتجاج ہوگا، جماعت اسلامی امت کو جوڑنا چاہتی ہے۔ امیر جماعت اسلامی نے پاکستان اور افغانستان میں جاری جنگ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے دونوں ممالک کی حکومتوں پرزور دیا کہ معاملات کو گفت و شنید سے حل کیا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ افغان سرزمین پاکستان میں دہشت گردی کے لیے استعمال نہیں ہونی چاہیے۔ دونوں ممالک معاملات کی نزاکت کو سمجھیں،اسلام آباد، کابل ا من کو موقع دیں۔

سوالات کے جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ٹرمپ کو نوبل امن انعام کی نامزدگی پاکستان کو واپس لینی چاہیے۔ حکومت اور اپوزیشن کو امریکہ کے خلاف متحد ہونا چاہیے، موجودہ صورتحال پر حکومت کو قومی مشاورت بلانی چاہیے۔مسئلہ فلسطین اور ایران کی حمایت پر کوئی بھی رابطہ کرے گا تو ہم اس اجلاس میں جائیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں