سرگئی لاوروف 30

امریکا نے جوہری دھماکے کیے تو اسی انداز میں جواب دیا جائے گا، روسی وزیر خارجہ

ماسکو(رپورٹنگ آن لائن)روس کے وزیرخارجہ سرگئی لاروف نے کہا ہے کہ اگر امریکا نے جوہری دھماکے کیے تو روس اسی انداز میں جواب دے گا۔

روسی وزیر خارجہ سرگئی لاروف نے کہا کہ صدر پیوٹن نے 2023 میں ہماری پوزیشن واضح کردی تھی جب انہوں نے اس معاملے پر بات کی تھی۔انہوں نے کہا کہ پیوٹن نے واضح کیا تھا اگر کوئی جوہری طاقت ہتھیاروں کے ٹیسٹ کرتی ہے تو روس اس کا جواب اسی انداز میں دے گا، ان دھماکوں میں کیریئر یا ایسے مواد کا تجربہ جس میں جوہری مواد نہ ہو، شامل تھے۔رپورٹ کے مطابق روس نے اکتوبر میں جوہری توانائی کے حامل میزائل کا تجربہ کیا تھا لیکن وہ حقیقی جوہری بم نہیں تھا۔

امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ دو ہفتے قبل اپنی انتظامیہ کو جوہری دھماکوں کی ہدایت کی تھی، جس کے بعد روس نے تشویش کا اظہار کیا تھا۔ڈونلڈ ٹرمپ نے گزشتہ ماہ کے آخر میں دعوی کیا تھا کہ دوسرے ممالک ایٹمی تجربے کر رہے ہیں اور پینٹاگون کو برابری کی بنیاد پر جوہری ہتھیاروں کے تجربے کرنے کی ہدایت کی تھی۔

بعد ازاں امریکی وزیر توانائی اور جوہری پروگرام کے سربراہ کرس رائٹ نے واضح کیا تھا کہ امریکا جوہری تجربہ نہیں کرے گا تاہم جوہری ہتھیاروں کے اجزا کا تجربہ کریں گے تاکہ ان کے کام کا جائزہ لیا جائے اور یقینی بنایا جائے کہ نظام فعال ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں