محمد اورنگزیب

امریکا سے تجارت، بات چیت، اور بہتری کی اُمید

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان جلد امریکا کے ساتھ تعمیری اور مثبت مذاکرات شروع کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا اس وقت پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے اور دو طرفہ تعلقات کو مزید بہتر بنانے پر کام جاری ہے۔

میڈیا سے گفتگو میں وزیر خزانہ نے بتایا کہ پاکستانی وفد جلد وزیراعظم کی ہدایت پر امریکا روانہ ہوگا تاکہ دو طرفہ تعاون کو فروغ دیا جا سکے۔ ان کے مطابق امریکا کے ساتھ ہونے والی بات چیت سے معاشی بہتری کی راہیں ہموار ہوں گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں معاشی استحکام کے لیے بھرپور کوششیں کی جا رہی ہیں۔ صنعتی شعبے کو متحرک کرنے، برآمدات بڑھانے اور کاروباری طبقے کو سہولتیں فراہم کرنے پر حکومت کی خاص توجہ ہے۔

وزیر خزانہ کے مطابق گجرانوالہ چیمبر کی جانب سے عالمی معیار کی اشیا کی نمائش ایک مثبت قدم ہے۔ انرجی ایفیشینسی کو مدِنظر رکھتے ہوئے تیار کی جانے والی مصنوعات پاکستان کی ایکسپورٹ پوٹینشل کی عکاس ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اگر پاکستان کو برآمدی معیشت بنانا ہے تو ہر شعبے کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔