اسلام آباد ہائی کورٹ

الیکشن ایکٹ ترمیمی آرڈیننس کیخلاف کیس چیف جسٹس اطہر من اللہ کو بھجوا دیا گیا

اسلام آ باد (رپورٹنگ آن لائن) جسٹس عامر فاروق اسلام آباد ہائی کورٹ نے الیکشن ایکٹ ترمیمی آرڈیننس کے خلاف کیس چیف جسٹس اطہر من اللہ کو بھجوا دیا۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس عامر فاروق نے الیکشن ایکٹ ترمیمی آرڈیننس کے خلاف کیس کی سماعت کی۔

درخواست گزار کی جانب سے قاضی عادل ایڈوکیٹ عدالت میں پیش ہوئے۔ دورانِ سماعت جسٹس عامر فاروق نے استفسار کیا کہ آرڈیننس کے حوالے سے سپریم کورٹ کا کوئی فیصلہ آیا ہے؟ وکیل درخواست گزار قاضی عادل ایڈووکیٹ نے جواب دیا کہ آرڈیننس کے حوالے سے سپریم کورٹ کا تفصیلی فیصلہ جاری کیا گیا ہے۔ ڈپٹی اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ اس کیس میں اٹارنی جنرل صاحب نے خود پیش ہونا تھا۔

جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ اٹارنی جنرل نے کیا پیش ہونا تھا۔ یہاں ایک ہی فیکٹری چلتی ہے اور وہ ہے آرڈیننس فیکٹری۔ ایڈووکیٹ قاضی عادل نے کہا کہ آرڈیننسز کے حوالے سے سپریم کورٹ اور اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے موجود ہیں۔ پیکا ترمیمی آرڈیننس کے خلاف چیف جسٹس کی عدالت میں کیسسز زیر سماعت ہیں۔ عدالت نے کہا کہ کیوں نا اس کیس کو بھی چیف جسٹس اطہر من اللہ کے پاس بھجوا دیا جائے۔ جسٹس عامر فاروق نے فائل چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ کو بجھوانے کی ہدایت کر دی۔