محمد جاوید قصوری 30

الخدمت فاؤنڈیشن دکھی انسانیت کی خدمت میں صفِ اوّل کا کردار ادا کر رہی ہے’ جاوید قصوری

لاہور (رپورٹنگ آن لائن)امیر جماعت اسلامی پنجاب و سرپرست الخدمت فاؤنڈیشن پنجاب محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ الخدمت فاؤنڈیشن دکھی انسانیت کی خدمت میں صفِ اوّل کا کردار ادا کر رہی ہے، یتیم بچوں کی کفالت سے لے کر سیلاب، زلزلہ اور دیگر قدرتی آفات میں متاثرین کی فوری امداد تک الخدمت فاؤنڈیشن کی خدمات شفاف، منظم اور قابلِ تقلید ہیں۔

وہ الخدمت فاؤنڈیشن وسطی پنجاب کے زیر اہتمام سالانہ افطار ڈنر سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر صوبائی نائب امیر نصر اللہ گورائیہ، صوبائی صدر الخدمت اکرام الحق سبحانی، صوبائی سیکرٹری جنرل الخدمت رانا عثمان ودود اور دیگر ذمہ داران بھی موجود تھے۔محمد جاوید قصوری نے کہا کہ رمضان المبارک ایثار، قربانی اور خدمتِ خلق کا مہینہ ہے، اس بابرکت موقع پر مخیر حضرات کو چاہیے کہ اپنے عطیات، زکوٰة اور صدقات الخدمت فاؤنڈیشن کے ذریعے مستحقین تک پہنچائیں تاکہ امدادی سرگرمیاں بلا تعطل جاری رہ سکیں۔ انہوں نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن کی یتیم کفالت، صاف پانی، صحت، تعلیم اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے منصوبے عوام کے اعتماد کا مظہر ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ الخدمت کے رضاکار اور کارکنان دن رات محنت سے معاشرے کے کمزور طبقات کے لیے امید کی کرن بنے ہوئے ہیں۔

ضرورت اس امر کی ہے کہ معاشرے کے ہر طبقے کو اس نیک مشن میں شامل کیا جائے تاکہ اجتماعی فلاح کا دائرہ مزید وسیع ہو۔اس موقع پر صوبائی صدر الخدمت اکرام الحق سبحانی نے سالانہ افطار ڈنر سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن نے ہمیشہ بلا تفریق انسانیت کی خدمت کو اپنا شعار بنایا ہے۔ رمضان المبارک میں مستحق خاندانوں کی مدد ہماری اولین ترجیح ہے۔ان کا کہنا تھا کہ الخدمت کے منصوبے عوامی تعاون سے کامیابی سے جاری ہیں اور شفافیت ہماری پہچان ہے۔ انہوں نے مخیر حضرات سے اپیل کی کہ وہ بڑھ چڑھ کر عطیات دیں تاکہ یتیم بچوں، بیواؤں اور آفات کے متاثرین کی فوری مدد ممکن بنائی جا سکے۔اکرام الحق سبحانی نے کارکنان اور رضاکاروں کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہی جذبہ خدمت الخدمت فاؤنڈیشن کی اصل طاقت ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں