ڈونلڈ ٹرمپ 16

اقوام متحدہ میں برقی سیڑھیاں اور ٹیلی پرامٹر بند ہونے پر ٹرمپ کا سیکریٹ سروس کو تحقیقات کا حکم

نیویارک(رپورٹنگ آن لائن)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اقوام متحدہ میں پیش آنے والے تکنیکی مسائل کو جان بوجھ کر دورہ سبوتاژ کرنے کا ارادہ قرار دیتے ہوئے سیکریٹ سروس کو اس سے متعلق تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔

ڈونلڈ ٹرمپ کے مطابق ایک ہی دن میں تین پراسرار واقعات پیش آئے جن میں ایسکلیٹر (برقی سیڑھیاں)کا اچانک رک جانا، ٹیلی پرامپٹر کا بند ہونا اور ساونڈ سسٹم کی خرابی شامل ہے۔انہوں نے اپنی سوشل میڈیا ایپلیکیشن ٹروتھ سوشل پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ یہ بہت شرمناک ہے کہ یہاں نہ ایک، نہ دو بلکہ تین سنگین واقعات پیش آئے، ایسکلیٹر اچانک رک گیا، یہ معجزہ ہے کہ میں اور میلینیا آگے گر نہیں گئے کیوں کہ ہم دونوں نے ریلنگ مضبوطی سے پکڑی ہوئی تھی۔ٹرمپ نے الزام لگایا کہ یہ سب واضح سبوتاژ تھا۔انہوں نے اپنے بیان میں الزام عائد کرتے ہوئے برطانوی اخبار لندن ٹائمز کی ایک رپورٹ کا حوالہ بھی دیا جس کے مطابق ماضی میں اقوام متحدہ کے عملے نے مذاقا ایسکلیٹر بند کرنے کی بات کی تھی۔

دوسرے واقعے پر بات کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ ان کے خطاب کے دوران ٹیلی پرامپٹر بند ہو گیا اور 15منٹ بعد بحال ہواتیسرے واقعے سے متعلق ڈونلڈ ٹرمپ نے اقوامِ متحدہ پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ساؤنڈ سسٹم جان بوجھ کر خراب کر دیا گیا جس کے باعث عالمی رہنماں کو میری تقریر صرف ہیڈفون کے ذریعے مترجمین سے سننی پڑی۔ ٹرمپ نے کہاکہ اِن کے خطاب کے بعد سب سے پہلے اِن کی اہلیہ میلینیا نے شکایت کی کہ وہ ایک لفظ بھی نہیں سن سکیں، یہ اتفاق نہیں بلکہ اقوامِ متحدہ کا میرا دورہ سبوتاژ کرنے کا واضح ارادہ تھا۔ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا کہ وہ اس حوالے سے سیکریٹری جنرل کو خط لکھ رہے ہیں جس میں وہ تمام سیکیورٹی ویڈیوز محفوظ رکھنے کا مطالبہ کریں گے اور سیکریٹ سروس بھی اس معاملے پر اِن کے ساتھ شامل ہے۔

دوسری جانب اقوامِ متحدہ کے ترجمان اسٹیفن دوجارک نے ایسکلیٹر کے بند ہو جانے پر وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق امریکی وفد کے ایک ویڈیو گرافر نے ٹرمپ اور میلینیا سے آگے بڑھ کر اِن کی آمد ریکارڈ کرنے کی کوشش کے دوران غیر ارادی طور پر ایسکلیٹر کا سیفٹی فنکشن آن کر دیا تھا،ٹرمپ اور اِن کی ٹیم نے اس وضاحت کو تسلیم کرنے سے انکار کردیا ہے جبکہ وائٹ ہاؤس کی ترجمان کیرولین لیویٹ نے واقعے کو ناقابلِ قبول قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگر واقعی کسی نے جان بوجھ کر ایسکلیٹر روکا ہے تو اِس کے خلاف فوری طور پر کارروائی ہونی چاہیے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں