سید ناصر شاہ 39

اقلیتی برادری کے مسائل کا حل حکومت سندھ کی ترجیحات میں شامل ہے،سید ناصر شاہ

کراچی (رپورٹنگ آن لائن) وزیر بلدیات، ہاؤسنگ و ٹاؤن پلاننگ سندھ سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ اقلیتی برادری کے مسائل کا حل حکومت سندھ کی ترجیحات میں شامل ہے اور بلا تفریق عوامی خدمت پیپلز پارٹی کا بنیادی منشور ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان پیپلز پارٹی سے تعلق رکھنے والے ٹاؤن و سٹی کونسلرز پر مشتمل اقلیتی وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔ وفد کی قیادت پی پی مینارٹی ونگ سندھ کے صدر لال چند اوکرانی نے کی جبکہ میئر سکھر ارسلان شیخ اور رکن صوبائی اسمبلی آصف موسی بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ملاقات میں اقلیتی نمائندوں نے اپنے اپنے علاقوں میں درپیش مسائل خصوصا پانی کی فراہمی، سیوریج نظام کی بہتری، سڑکوں و گلیوں کی تعمیر و مرمت، اسٹریٹ لائٹس اور صفائی ستھرائی سے متعلق امور پر تفصیلی بریفنگ دی اور ٹاؤن چیئرمینوں کی جانب سے تعاون میں کمی کی شکایات بھی پیش کیں۔

وفد نے مطالبہ کیا کہ بلدیاتی سطح پر اقلیتی کونسلرز کو بااختیار بنایا جائے اور ترقیاتی فنڈز کی منصفانہ تقسیم کو یقینی بنایا جائے۔ صوبائی وزیر نے مسائل کا فوری نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ ٹان چیئرمینوں کو موقع پر ٹیلیفونک ہدایات جاری کیں اور واضح کیا کہ ترقیاتی اسکیموں میں اقلیتی آبادی والے علاقوں کو نظر انداز نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام کونسلرز اپنے علاقوں میں جاری اور مجوزہ ترقیاتی کاموں کی ترجیحی فہرست محکمہ بلدیات کو فراہم کریں تاکہ مرحلہ وار بنیادوں پر فنڈز جاری کیے جا سکیں۔ سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ گرجا گھروں، مندروں اور گوردواروں کے اطراف انفراسٹرکچر کی بہتری، نکاسی آب کے مثر انتظام اور سیکیورٹی سے متعلق سہولیات کی فراہمی کو ترجیح دی جائے گی تاکہ مذہبی ہم آہنگی اور بین المذاہب رواداری کو فروغ ملے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سرکاری ملازمتوں کے حصول کے لیے حکومت کے طے شدہ شفاف طریقہ کار پر عمل کیا جائے اور کسی بھی قسم کی شکایت کی صورت میں براہِ راست محکمہ بلدیات سے رجوع کیا جائے۔ وزیر بلدیات نے کہا کہ سندھ حکومت صوبے کے تمام شہریوں کو مساوی سہولیات فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات جاری رکھے گی اور بلدیاتی نمائندوں کے ساتھ مربوط رابطے کے ذریعے مسائل کے دیرپا حل کو یقینی بنایا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں