خواجہ آصف 77

اقتدار آنی جانی چیز ہے،پاکستان ہمیشہ قوم کی اولین ترجیح رہنا چاہیے،خواجہ آصف

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ سیاست عارضی ہے لیکن قومی مفاد مستقل ہے لہذا پاکستان ہمیشہ قوم کی اولین ترجیح رہنا چاہیے۔

ایک انٹرویومیں انہوں نے کہا کہ جب پاکستان کی سالمیت اور سلامتی کی بات ہو تو کوئی بات چیت نہیں ہو سکتی اور نہ ہی کوئی ابہام ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اقتدار آنی جانی چیز ہے، سیاست ہوتی رہتی ہے، انتخابات ہوتے ہیں اور معمول کے تنازعات جنم لیتے ہیں لیکن پاکستان ہر سیاسی رہنما کیلئے پہلی اور آخری ترجیح رہنا چاہیے۔ خواجہ آصف نے بانی پی ٹی آئی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ان کے سیاسی کیریئر کی تعریف ملکی استحکام یا سٹیٹ مین شپ سے نہیں بلکہ عدم مطابقت اور ملک دشمنی سے ہوتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اقتدار حاصل کرنے کیلئے بانی پی ٹی آئی جو بھی سوچتے ہیں وہ کرتے ہیں، اقتدار سے باہر ہوتے ہی انہوں نے سیاسی مخالفین اور ریاستی اداروں کے خلاف توہین آمیز زبان کا سہارا لیا۔

وزیر دفاع نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی اہم قومی مسائل جیسے کہ قومی سالمیت، پاکستان کی آزادی اور دہشت گردی کے خلاف جنگ پر اتحاد کا مظاہرہ کرنے میں مکمل طور پر ناکام رہے ہیں۔ انہوں نے سوال کیا کہ اگر وہ ایک مقبول لیڈر ہونے کا دعوی کرنے کے باوجود ان بنیادی معاملات پر ریاست، سیاست دانوں اور قوم کے ساتھ کھڑے نہیں ہو سکتے تو وہ قوم پرست ہونے کا دعوی کیسے کر سکتے ہیں؟۔ انہوں نے داخلی اور خارجی چیلنجز کے وقت قومی ہم آہنگی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہ سیاسی اختلافات میں کسی کو بھی پاکستان کے بنیادی مفادات کو نقصان نہیں پہنچانا چاہیے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں