ہمایوں اخترخان 173

افغانستان کی حکومت سمیت کسی کو اپنی ناکامی پاکستان کے سر تھونپنے کی اجازت نہیں دینگے’ ہمایوں اخترخان

لاہور(رپورٹنگ آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما وسابق وفاقی وزیر ہمایوںاختر خان نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی جانب سے ایشیائی رابطہ کانفرنس میں افغانستان کے بے بنیاد الزامات پربروقت ،موثراور بھرپور جواب سے بیرونی قوتوں کو سانپ سونگھ گیا ہے ،افغانستان میںامن کیلئے پاکستان نے جس قدر کردار ادا کیا ہے وہ کسی سے ڈھکا چھپا نہیں ،افغانستان کی حکومت سمیت کسی کو بھی اپنی ناکامی پاکستان کے سر تھونپنے کی اجازت نہیں دیں گے ۔

اپنے ایک بیان میں ہمایوں اخترخان نے کہا کہ افغانستان کے معاملے پر پاکستان کا کردار ہمیشہ مثبت رہا ہے کیونکہ وہاں کا امن ہمارے مفاد میں ہے ،ہمارے کردار اورقربانیوں کو شک کی نگاہ سے دیکھنے والوں کو اپنا رویہ تبدیل کرنا ہوگا ۔ پاکستان کئی سالوںسے لاکھوں افغان مہاجرین کا میزبان ہے کیادیگر کسی ہمسائے نے ایسا کوئی اقدام کیا ہے ۔ بھارت کی جانب سے افغانستان میں جو منفی کردار ادا کیا گیا ہے وہ کسی سے ڈھکا چھپا نہیں اور ہم اسے بے نقاب کرتے رہیں گے۔ ہمایوں اختر خان نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے تاشقند میں ہونے والی ایشیائی رابطہ کانفرنس میں ایک خود دار لیڈر کے طور پر پاکستان کی ترجمانی کی ہے اور دنیا کو معلوم ہوگیا ہے کہ اب پاکستان میں ایسا نڈر اور بیباک لیڈر ہے جسے اپنے ملک کامفادسب سے پہلے مقدم ہے اور وہ کسی صورت کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا ۔ ہمایوں اختر خان نے کہا کہ افغانستان کی حکومت پاکستان پر الزامات لگانے کی بجائے اپنے اندرونی حالات پر گرفت کرے ،اسے بے بنیاد الزامات لگانے سے کوئی فائدہ حاصل ہوگا اور نہ اس سے ناکامی کو چھپایا جا سکتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں