لاہور ہائی کورٹ 26

اعلیٰ عدلیہ میں اقلیتوں سے ججز تعینات نہ کرنے کیخلاف درخواست ناقابلِ سماعت قرار

لاہور (رپورٹنگ آن لائن) لاہور ہائیکورٹ نے اعلیٰ عدلیہ میں اقلیتوں سے ججز تعینات نہ کرنے کے خلاف درخواست درخواست کو ناقابل سماعت قرار دے کر مسترد کر دیا۔

چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ عالیہ نیلم نے ایڈووکیٹ نصیب مسیح کی درخواست پر سماعت کی۔ درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ حکومت نے 2009ء میں اقلیتوں کے لئے سرکاری محکموں میں پانچ فیصد کوٹہ مختص کیا تھا تاہم اس پالیسی کے باوجود اعلی عدالتوں میں اقلیتی برادری سے کسی جج کی تعیناتی نہیں کی گئی۔درخواست گزار کے مطابق آئین پاکستان کے آرٹیکل 27اور آرٹیکل 36پر تاحال عملدرآمد نہیں ہو رہا۔

درخواست میں استدعا کی گئی تھی کہ عدالت حکومت کو اقلیتوں کے لئے علیحدہ میرٹ مقرر کرنے اور ان میں سے ججز تعینات کرنے کا حکم دے۔عدالت نے دلائل سننے کے بعد قرار دیا کہ یہ معاملہ عدلیہ کی آئینی حدود اور ججوں کی تقرری کے مخصوص طریقہ کار سے متعلق ہے، جس میں عدالت براہِ راست مداخلت نہیں کر سکتی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں