اظہر علی 19

اظہر علی کی بھی آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں اسپن وکٹ بنانے پر تنقید

کراچی (رپورٹنگ آن لائن)سابق کپتان اظہر علی نے بھی آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں اسپن وکٹ بنانے پر تنقید کرتے ہوئے کہاہے کہبیٹنگ کیلئے یہ بہت مشکل سیریز رہی ہے، اسپن کے علاوہ بیٹرز کو فاسٹ بولرز کو کھیلنے میں بھی مشکل پیش آرہی تھی۔نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے سابق کپتان اظہر علی نے کہا کہ بیٹنگ کے لیے یہ بہت مشکل سیریز رہی ہے، اسپن کے علاوہ بیٹرز کو فاسٹ بولرز کو کھیلنے میں بھی مشکل پیش آرہی تھی۔

انہوں نے کہا کہ تیسرے میچ میں فاسٹ بولر ایلس لمبے رن اپ سے آکر آف کٹر کررہے تھے جسے کھیلنے میں بیٹرز کو مشکل ہورہی تھی۔اظہر علی نے کہا کہ ان وکٹوں پر آپ ناصرف اسپنرز بلکہ فاسٹ بولر کے خلاف بھی اچھے اسٹرائیک ریٹ سے نہیں کھیل سکتے۔سابق کپتان نے کہا کہ معاذ صداقت اور دیگر نوجوان کرکٹرز کے لیے بھی یہ وکٹ مشکل رہی ہے، اگر بیٹنگ وکٹ ہوتی تو ان کی پرفارمنس پر بات کرسکتے تھے تاہم اب اسی لیے آپ زیادہ کسی بیٹر پر تنقید نہیں کرسکتے۔

انہوںنے کہاکہ ٹھیک ہے بی، سی ٹیم آپ کو جو بھی ملے گی اسی سے کھیلنا ہے لیکن آپ ورلڈ کپ میں جاتے وقت کہتے ہیں کہ ہماری ٹیم بہت اچھی کارکردگی دکھا رہی ہے، رینکنگ اچھی ہے لیکن ورلڈ کپ میں جاتے ہیں تو ایسا لگتا ہے کہ دوسری ٹیمیں بڑے لڑکے لے کر آگئی ہیں۔ اظہر علی نے کہا کہ چار، پانچ سیریز سے ایسا ہی ہوگیا ہے کہ ہم ہوم سیریز جیت کر جاتے ہیں لیکن آئی سی سی ایونٹ میں کہیں نظر نہیں آتے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں