لاہور(رپورٹنگ آن لائن)ٹی وی کے نامور اداکار احسن خان نے کہا ہے کہ اپنے پرستاروں کا شکر گزار ہوں جنہوں نے مجھے ہر کردار میں پسند کیا ہے ، میرے نزدیک اصل فنکار وہی ہے جو کسی بھی طرح کے کردار کو حقیقت کے قریب تر ہو کر نبھائے ۔
ایک انٹر ویو میں انہوں نے کہا کہ پاکستانی ثقافت کی پوری دنیا میں مثبت پہچان ہے اور میں نئی نسل کو یہی کہوں گا کہ اپنی ثقافت کو پس پشت نہ ڈالیں بلکہ جہاں بھی موقع ملے اس کے فروغ کے لئے کام کریں۔
انہوں نے کہا کہ دنیا کے مختلف ممالک میں جانے کا اتفاق ہوا ہے اور میری بھرپور کوشش ہوتی ہے کہ ایک اداکار ہونے کے ساتھ پاکستان کے سفیر کا کردار ادا کروں اور میں نے ہمیشہ اپنے کردار سے پاکستان کا روشن چہرہ متعارف کرایا ہے۔
احسن خان نے کہا کہ نئے آنے والے اچھا کام کر رہے ہیں، جو لوگ ایک ایک سیڑھی چڑھ کر منزل کی طرف جاتے ہیں انہیں حاصل ہونے والی شہرت اور عزت دیرپا ہوتی ہے جبکہ شارٹ کٹ سے حاصل کی جانے والی عزت اور شہرت عارضی ہوتی ہے ۔