مکہ مکرمہ (رپورٹنگ آن لائن) سعودی عرب کی وزارت صحت نے تمام عازمین حج کی صحت کے تحفظ اور ان میں کووڈ-19 کو پھیلنے سے روکنے کے لیے وزارت حج اور عمرہ کے اشتراک سے ایک منصوبہ وضع کیا ہے جس کے تحت ایک وقت میں 10 ہزار سے زیادہ افراد کو حج کے مناسک ادا کرنے کی اجازت نہیں ہوگی،مقدس مقامات پر پہنچنے سے قبل تمام عازمین حج کے کورونا ٹیسٹ کیے جائیں گے۔
انہوں نے کہا ہے کہ اس مرتبہ صرف 65 سال سے کم عمر مسلمانوں کو حج کرنے کی اجازت ہوگی اور تمام عازمین مناسکِ حج کی تکمیل کے بعد خود کو قرنطین کر لیں گے،حج سے قبل تمام ورکروں اور رضا کاروں کے بھی ٹیسٹ کیے جائیں گ ےجبکہ تمام عازمین حج کی صحت کی صورت حال کی روزانہ کی بنیاد پر نگرانی کی جائے گی۔
سعودی عرب کی وزارت صحت کے مطابق حج کے دوران میں کسی بھی ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے ایک ہسپتال تیار کرلیا گیا ہے،سماجی فاصلے کو برقرار رکھنے کے لیے اقدامات کا نفاذ کیا جائے گا۔ سعودی وزارت خارجہ نے گذشتہ روز ایک اعلامیے میں بتایا تھا کہ اس مرتبہ ذی الحجہ میں مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے شہریوں کو محدود تعداد میں فریضہ حج ادا کرنے کی اجازت ہوگی اور یہ غیرملکی وہی ہوں گے جو سعودی عرب میں مقیم ہیں۔ان کے علاوہ محدود تعداد میں سعودی شہری بھی فریضہ حج ادا کرسکیں گے۔