محمد جاوید قصوری 44

اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات میں تاخیر بدنیتی پر مبنی، الیکشن کمیشن اپنی آئینی ذمہ داری ادا کرے’جاوید قصوری

لاہور (رپورٹنگ آن لائن)امیر جماعت اسلامی پنجاب محمد جاوید قصوری نے اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کے ایک بار پھر التوا کی خبروں کو بدنیتی پر مبنی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ مرکزی حکومت اور پنجاب حکومت عوام کا سامنا کرنے سے مسلسل بھاگ رہی ہیں،بلدیاتی نظام جمہوریت کی بنیاد ہے اور اسے بار بار مؤخر کرنا عوام کے آئینی حقوق پر ڈاکہ ڈالنے کے مترادف ہے۔

محمد جاوید قصوری نے اپنے بیان میں کہا کہ شہباز شریف کی حکومت عوامی حمایت سے محروم ہو چکی ہے، اسی لیے وہ نچلی سطح پر اقتدار عوام کو منتقل کرنے سے خوفزدہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کے بغیر جمہوریت نامکمل رہتی ہے اور اختیارات چند ہاتھوں میں مرتکز رہتے ہیں، جس کا نقصان براہِ راست عام شہری کو ہوتا ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی آئینی ذمہ داری ہے کہ وہ جاری کردہ انتخابی شیڈول کے مطابق بلدیاتی انتخابات کو یقینی بنائے۔ کسی بھی دباؤ یا حکومتی مداخلت کو قبول کرنا الیکشن کمیشن کی ساکھ کو نقصان پہنچا سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر انتخابات میں تاخیر کی گئی تو یہ آئین کی صریح خلاف ورزی ہو گی، جس کے خلاف جماعت اسلامی ہر فورم پر آواز بلند کرے گی۔

امیر جماعت اسلامی پنجاب نے پنجاب حکومت پر بھی شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت کو آئین کے مطابق ایک بااختیار اور مؤثر بلدیاتی نظام پنجاب کے عوام کو دینا ہو گا۔ نمائشی اختیارات کے حامل بلدیاتی ڈھانچے عوام کے مسائل حل نہیں کر سکتے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم، صحت، صفائی اور بنیادی سہولیات کی فراہمی بلدیاتی اداروں کے ذریعے ہی ممکن ہے، مگر حکومت دانستہ طور پر اختیارات نیچے منتقل نہیں کر رہی۔

محمد جاوید قصوری نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی عوامی حقوق کے تحفظ کی جدوجہد جاری رکھے گی اور حکمرانوں کو عوام کے حقوق سلب نہیں کرنے دے گی۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر بلدیاتی انتخابات میں مزید تاخیر کی گئی تو جماعت اسلامی اپنی احتجاجی تحریک کا دائر ہ کار بڑھا دے گی ۔ عوا م اپنے آئینی حقوق کے لیے بیدار رہیں اور ایسے حکمرانوں کا احتساب کریں جو اقتدار کو طول دینے کے لیے جمہوری عمل کو سبوتاژ کر رہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں