اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ اسلام آباد جلسے میں علیحدگی پسندوں کی زبان بولی گئی،جو ماحول بانی پی ٹی آئی نے بنا دیا ہے اس کے بعد میثاق پارلیمان کمیٹی کا کوئی جواز نہیں رہا،پتا نہیں جنرل فیض بانی پی ٹی آئی کے حوالے سے کون سا گانا گا رہے ہوں گے۔
ہفتہ کو قومی اسمبلی میں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ جو ماحول بانی پی ٹی آئی نے بنا دیا ہے اس کے بعد میثاق پارلیمان کمیٹی کا کوئی جواز نہیں رہا، جو پیشگوئی کی تھی وہ سچ ثابت ہوئی، جو پیغام ٹوئٹ کے ذریعے دیا گیا وہ اس کو بھی قائم رکھنے کی کوشش ہے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ بلاول بھٹو نے تجویز پیش کی تھی جس کے نتیجے میں ایک کمیٹی بنائی گئی، جب کمیٹی میں ماحول دیکھا تو اس کمیٹی میں احتجاج کیا اور واک آؤٹ کیا، یہ دوغلی پالیسی ہے، ان کی کوئی ساکھ نہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس کمیٹی کا اب کوئی جواز باقی نہیں رہتا اس کے ذمہ دار بانی پی ٹی آئی ہیں، یحییٰ خان کو آرمی چیف ایوب خان نے بنایا تھا، ایسے شخص کو آرمی چیف بنایا گیا جس نے ملک توڑ دیا، جن لوگوں نے بھی ملک کے حصے کرنے کی کوشش کی انہوں نے بھی اتنی سخت زبان استعمال نہیں کی۔
وزیر دفاع نے کہا کہ بلاول نے ٹھیک کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو ان کے گھر کی کرپشن کے ثبوت دیے گئے، اگر کوئی کرپش کے ثبوت دیں تو اس پر الزام لگایا جاتا ہے جس رات اسمبلی توڑی گئی اس پر سپریم کورٹ کا فیصلہ آیا، اسمبلی توڑ کر آئین کو توڑا گیا۔خواجہ آصف نے کہا کہ پتا نہیں جنرل فیض بانی پی ٹی آئی کے حوالے سے کون سا گانا گا رہے ہوں گے، ہو سکتا ہے جنرل فیض گانا گا رہے ہوں ‘آجا مورے بالما تیرا انتظار ہے’، یہ ہر بات پر یوٹرن لیتے ہیں۔