کوپن ہیگن( رپورٹنگ آن لائن)امریکا کے سیکریٹری آف اسٹیٹ انٹونی بلنکن نے کہا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے غزہ میں فضائی حملے میں تباہ کی گئی عمارت میں حماس کے کام کرنے کے ثبوت طلب کر لیے ہیں لیکن تاحال ابھی تک کوئی ثبوت فراہم نہیں کیے گئے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق غزہ میں اسرائیلی فضائیہ کی بمباری سے کثیرالمنزلہ عمارت زمین بوس ہو گئی تھی، اس عمارت میں رہائشی مکانوں کے ساتھ ساتھ نامور بین الاقوامی اداروں کے دفاتر بھی موجود تھے۔
اسرائیل نے کہا کہ اس نے حماس کی جانب سے حملہ کرنے والوں کی عمارت میں موجودگی کے پیش نطر اسے نشانہ بنایا تاہم ابھی تک وہ اس حوالے سے کوئی بھی ثبوت پیش نہیں کر سکا۔ڈنمارک کے شہر کوپن ہیگن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انٹونی بلنکن نے کہا کہ غزہ کی پٹی پر اسرائیل اور حماس کے مابین تازہ چھڑپوں کے بعد جنگ بندی کے لیے بائیڈن انتظامیہ پر دباؤ بڑھ رہا ہے۔امریکا کے سیکریٹری آف اسٹیٹ نے کہا کہ حملے کے فوراً بعد ہم نے ان سے اس کا جواز طلب کر لیا تھا البتہ انہوں نے کسی خفیہ معلومات کے حوالے سے سوال کے جواب میں کہا کہ ہم نے ابھی تک کوئی بھی معلومات نہیں دیکھیں۔