عباس عراقچی 59

اسرائیل خطے کو غیر مستحکم کرنے کے وسیع منصوبے پر عمل پیرا ہے،ایران

تہران(رپورٹنگ آن لائن)ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ اسرائیل خطے کو غیر مستحکم کرنے کے وسیع منصوبے پر عمل پیرا ہے۔

العربیہ اردو کے مطابق انہوں نے دارالحکومت تہران میں اپنے ترک ہم منصب ہاکان فیدان کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران شام اور لبنان پر اسرائیلی حملوں کو روکنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے اپنے ترک ہم منصب ہاکان فیدان کے استقبال کے بعد کہا کہ انہوں نے بات چیت میں متعدد امور پر تبادلہ خیال کیا جن میں شام اور لبنان کا معاملہ، جوہری معاملہ اور مسئلہ فلسطین شامل ہیں۔

انہوں نے خطے کے استحکام کو غیر مستحکم کرنے کے مسلسل اسرائیلی منصوبوں سے خبردار کیا۔انہوں نے اس بات کی تصدیق کی کہ غزہ میں جنگ بندی کے معاہدے کی اسرائیل کی بار بار خلاف ورزیاں اور لبنان اور شام پر حالیہ حملے اس بات کا اشارہ دیتے ہیں کہ اسرائیل خطے کے استحکام کو غیر مستحکم کرنے کے لئے ایک وسیع منصوبے پر عمل پیرا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایران اور ترکیہ نے بات چیت میں دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے وضاحت کی کہ ان مسائل کو خاص طور پر اور براہ راست حل کرنے کے لئے ایران اور ترکیہ کے درمیان سپریم کونسل برائے تعاون اور مشترکہ اقتصادی کمیٹی کا اجلاس منعقد کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ اس موقع پر ترک وزیر خارجہ نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ شام پر اسرائیلی حملوں کو روکنے اور غزہ میں جنگ بندی کے معاہدے کی اسرائیلی خلاف ورزیوں کو روکنے کے لئے اپنی ذمہ داریاں پوری کرے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں