واشنگٹن(رپورٹنگ آن لائن)اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو نے بڑے پیمانے پر احتجاج کے دوران امریکی کانگریس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ تہذیبی قوتوں کی فتح کے لیے امریکہ اور اسرائیل کو ایک ساتھ کھڑا ہونا چاہیے۔ نیتن یاہو نے امریکی کانگریس میں جھوٹ بولنے کے ریکارڈ بنا تے ہوئے اپنی دہشتگردی کو چھپانے کیلئے حماس کے ناکردہ مظالم کا ذکر کیا ،اسرائیلی وزیراعظم کے خطاب کے دوران کانگریس کی گیلری سے 3مظاہرین کو بھی گرفتار کیا گیا،نیتن یاہو ایوان میں داخل ہوئے تو کئی اراکین کانگریس نے نہ تو ان سے ہاتھ ملایا، نہ تالیاں بجائیں اور نہ ہی اپنی نشستوں سے ان کے استقبال کیلئے کھڑے ہوئے
اسرائیل کے وزیر اعظم اپنے خطاب میں کہا کہ ہم تاریخ کے دوراہے پر کھڑے ہیں جب کہ دنیا ہلچل کا شکار ہے،ان کا کہنا تھا کہ مشرق وسطی میں ایرانی دہشت گردی کا گٹھ جوڑ امریکہ، اسرائیل اور اس کے عرب دوستوں کا مقابلہ کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ تہذیبوں کا تصادم نہیں ہے، یہ موت کی تسبیح کرنے والوں اور زندگی کی تقدیس کرنے والوں کے درمیان تصادم ہے۔ تہذیبی قوتوں کی فتح کے لیے امریکہ اور اسرائیل کو ایک ساتھ کھڑا ہونا چاہیے، نیتن یاہو نے امریکی صدر جو بائیڈن کا 7اکتوبر کے حملوں کے بعد اسرائیل کے لیے دلی حمایت پر شکریہ ادا کیا،نیتن یاہو نے کہا کہ بائیڈن ہمارے تاریک ترین وقت میں اسرائیل کے ساتھ کھڑے رہے، اس دورے کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا
انہوں نے کہا کہ وہ اور بائیڈن ایک دوسرے کو 40سال سے زیادہ عرصے سے جانتے ہیں، اور وہ اسرائیل کے ساتھ نصف صدی پر مشتمل دوستی کے لیے ان کا شکریہ ادا کرنا چاہتے ہیں۔نیتن یاہو نے کہا کہ بائیڈن نے خود کو فخریہ آئرش امریکن صیہونی کہا ہے، نیتن یاہو کا کہنا تھا کہ وہ آج کانگریس کے سامنے انہیں یقین دلانے آئے ہیں کہ ہم جیتیں گے،نیتن یاہو نے امریکی کانگریس میں جھوٹ پر جھوٹ گڑھتے ہوئے اپنی دہشتگردی کو چھپانے کیلئے حماس کے ناکردہ مظالم کا ذکر کیا اور کہا کہ بچوں کو قتل کیا گیا، خواتین کے گلے کاٹے گئے۔
نیتن یاہو نے کہا کہ حماس نے مردوں کا سر قلم کیا، بچوں کو زندہ جلا دیا، والدین کو اپنے بچوں کے سامنے اور بچوں کو ان کے والدین کے سامنے قتل کیا، وہ 251لوگوں کو غزہ کی تاریک کوٹھڑیوں میں گھسیٹ کر لے گئے۔نیتن یاہو نے کہا کہ اسرائیل مخالف مظاہرین نے برائی کے ساتھ کھڑے ہونے اور حماس کے ساتھ کھڑے ہونے کا انتخاب کیا ہے۔ انہیں اپنے آپ پر شرم آنی چاہیے۔اسرائیلی وزیراعظم نے کہا کہ ہم سب جانتے ہیں ایران اس عمارت کے باہر اسرائیل مخالف مظاہروں کی مالی امداد کر رہا ہے۔