اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے کرغستان کے سفیر Mr.Totuiaev Ulanbek Asankulovich نے ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات، اہم علاقائی و عالمی امور سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ اسد قیصر نے کہاکہ پاکستان کرغستان کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے۔
اسد قیصر نے کہاکہ پاکستان اور کرغستان مذہب، اخوت اور ثقافت کے لازوال رشتوں میں بندھے ہوئے، پاکستان کرغستان کے ساتھ پارلیمانی اور اقتصادی رابطوں کو فروغ دے کر دوطرفہ تعلقات کو مزید وسعت دینے خواہشمند ہے۔ انہوںنے کہاکہ دونوں ممالک کے پارلیمانوں میں رابطوں کا فروغ دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
انہوں نے کہاکہ پاکستان چین پاکستان اقتصادی راہداری کی بدولت خطے میں اقتصادی سرگرمیوں کا مرکز ثابت ہوگا، خطے کے ممالک میں قریبی رابطے اور شراکتداری خطے کی ترقی اور خوشحالی کے لیے ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان خطے کے ممالک میں قریبی رابطوں کو فروغ دینے کے لیے کوشاں ہے، چین اور پاکستان سے نزدیک ہونے کے باعث کرغستان وسطی ایشیائی ریاستوں اور اس سے باہر گیٹ وے کا کردار ادا کرسکتا ہے۔ اسد قیصر نے کہاکہ اسلام آباد میں منعقد ہونے والی ای سی او ممالک کی پارلیمانی اسمبلی کی دورسری کانفرنس میں ورچوئل شرکت پر کرغک اسپیکر کا مشکور ہوں۔
سفیر کرغستان نے کہاکہ کرغستان کے پاکستان کے ساتھ برادرانہ، دوستانہ تعلقات مزید مضبوط ہو رہے ہیں، کرغستان پاکستان کے ساتھ اپنے دوستانہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ کرغک سفیر نے کہاکہ دونوں ممالک کے اراکین پارلیمنٹ دونوں اقوام کو قریب لانے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں.